کراچی سے ڈپٹی میئر سمیت 18 بلدیاتی نمائندے بھی الیکشن لڑ رہے ہیں

کیو ایم چھوڑ کر پی ایس پی میں شامل ہونے والے ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد وہرہ این اے 254 وسطی کی نشست کے امیدوار ہیں۔


عامر فاروق July 10, 2018
کیو ایم چھوڑ کر پی ایس پی میں شامل ہونے والے ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد وہرہ این اے 254 وسطی کی نشست کے امیدوار ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی سے ایک سینیٹر اور ڈپٹی میئر سمیت 18 بلدیاتی نمائندے بھی عام انتخابات 2018 میں حصہ لے رہے ہیں جن کا تعلق ایم کیو ایم، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ن) سے ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر سلیم ضیا لیاری کی نشست این اے 246 پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور دیگر امیدواروں کے مدمقابل ہیں۔ ایم کیو ایم چھوڑ کر پی ایس پی میں شامل ہونے والے ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد وہرہ این اے 254 وسطی کی نشست کے امیدوار ہیں، ارشد وہرہ ضلع وسطی کی یونین کمیٹی 49 کے وائس چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔ ضلع شرقی کی یو سی 21 سے منتخب تنزیل بن عبدالرؤف بھی پی ایس 103 شرقی کے انتخابی میدان میں ہیں۔

لیاری کی یونین کمیٹی 12 سے چیئرمین منتخب حبیب حسن اب پی ایس 108 سے گھنٹی کے نشان پر آزاد امیدوار ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما اور ضلع شرقی کی یونین کمیٹی 18 سے چیئرمین منتخب ہونے والے فردوس شمیم نقوی بھی بلے کے نشان پر پی ایس 101 کی انتخابی جنگ میں شریک ہیں، وہ سٹی کونسل میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر بھی ہیں۔ بلدیہ عظمیٰ کی سٹی کونسل میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی بھی پتنگ کے نشان پر این اے 249 کے امیدوار ہیں وہ دیگر امیدواروں کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کا مقابلہ کریں گے۔

ایم کیو ایم کے رہنما اور یونین کمیٹی کے وائس چیئرمین زاہد منصوری بھی پی ایس 106 پر پتنگ کے نشان پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے گلفراز خٹک این اے 238 سے امیدوار ہیں۔ وہ بلدیاتی انتخابات میں ضلع غربی کی یو سی 34 سے وائس چیئرمین منتخب ہوئے تھے ، خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ہونے والی کرن مسعود بھی ایم کیو ایم کے ٹکٹ پی ایس 116 سے الیکشن لڑرہی ہیں ۔

یو سی چیئرمین اور جماعت اسلامی کے رہنما جنید مکاتی بھی ایم ایم اے کے ٹکٹ پر پی ایس 103 سے قسمت آزمائی کررہے ہیں، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپویشن شرقی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر ذوالفقار قائمخانی بھی صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 105 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔ ضلع غربی کی یونین کمیٹی 37 کے چیئرمین اور نون لیگ کے رہنما سعید اﷲ آفریدی پی ایس 114 کے امیدوار ہیں۔ ملیر کی یونین کمیٹی سے منتخب ہونے والے ملک محمد تاج بھی مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

ضلع غربی کی یو سی 42 کے منتخب چیئرمین محب اﷲ شاہ بھی شیر کے نشان پر پی ایس 113 سے الیکشن لڑرہے ہیں۔ ضلع جنوبی کی یونین کمیٹی کے وائس چیئرمین سلطان بہادر بھی پی ایس 108 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہیں ، پی ایس 118 پر حیدر شاہ متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ہیں انہوں نے بلدیاتی انتخابات میں جے یو آئی کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی ، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی کے وائس چیئرمین منصور شیخ بھی پی ایس 104 کورنگی سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

ضلع غربی کی نشست پی ایس 112 پر پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر لیاقت اسکانی انتخابی جنگ کا حصہ ہیں وہ اسی ضلع کی یو سی 2 مواچھ گوٹھ سے ڈسٹرکٹ کونسل کے منتخب رکن بھی ہیں اسی طرح ضلع غربی یو سی 45 کے چیئرمین شاہ نواز جدون بھی پی ایس 113 پر تحریک انصاف جبکہ کورنگی کے بلدیاتی نمائندے وقاص نیازی پی ایس وقاص اقبال پی ایس 93 سے بلے کی جیت کے لیے کوششیں کررہے ہیں ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔