کراچی میں 11مئی کو خونریزی کی سازش ناکام بنائی جائے گی متحدہ

چیف الیکشن کمشنر ، نگراں وفاقی وزیر داخلہ اور صوبائی حکومتیں دھمکی کا نوٹس لیں،رکن رابطہ کمیٹی


Express Desk May 06, 2013
چیف الیکشن کمشنر ، نگراں وفاقی وزیر داخلہ اور صوبائی حکومتیں دھمکی کا نوٹس لیں،رکن رابطہ کمیٹی ۔ فوٹو: فائل

WASHINGTON: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن محمد انور نے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائر فخرالدین جی ابراہیم،الیکشن کمیشن کے ارکان، نگراں وفاقی وزیر داخلہ اور صوبائی حکومتوں سے پرزوراپیل کی ہے کہ انتہا پسند مذہبی جماعت کے سربراہ کی دھمکی کا نوٹس لیں۔

اتوار کو ایک بیان میں محمد انور نے کہاکہ طالبات کے اسکولوں، مساجد، امام بارگاہوں اور مزارات پر بم دھماکے کرنے والے دہشت گردوں کی مرکزی جماعت کے سربراہ نے جناح پارک کراچی میں جلسے سے خطاب کے دوران اپنے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 11مئی کو صبح اپنے گھروں سے الیکشن میں حصہ لینے کیلیے''تسبیح'' لے کر نکلیں۔ محمد انور نے کہاکہ تسبیح کی اصطلاح یہ مذہبی جماعت جدیدترین ہتھیار، بم، راکٹ اور گولہ بارود کیلییبطور کوڈ ورڈ استعمال کرتی ہے۔

انتہا پسند مذہبی جماعت کے سربراہ نے اپنی جماعت کے سفاک عسکری ونگ، الشمس، البدر اور تھنڈر اسکواڈ کے دہشت گردوں کو کوڈورڈ میں میں ہدایت کی ہے کہ وہ الیکشن کے دن جدید ہتھیار اور تسبیح کے دانوں کی طرح ڈھیر ساری گولیاں لے کر نکلیں اور سارے شہر کو خون میں نہلادیں۔ محمد انور نے الیکشن کمیشن، نگراں حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کہا ہے کہ وہ اس انتہا پسند مذہبی جماعت کی جانب سے کراچی میں 11مئی کو بڑے پیمانے پر خوں ریزی کے منصوبوں کا سخت نوٹس لیں، کراچی کے معصوم عوام کے جان و مال کا تحفظ کریں اور شہر کا امن تباہ کرنے کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں