کھیل کا فروغ ریجنل انڈر 19 کرکٹ اکیڈمیز کا اختتام

5ہفتے تک جاری تربیتی  پروگرام میں  ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ٹریننگ


Zubair Nazeer Khan July 23, 2018
5ہفتے تک جاری تربیتی  پروگرام میں  ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ٹریننگ۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے تحت ملک بھرمیں ریجن کی سطح پر منعقد ہونے والے ریجنل انڈر19 کرکٹ اکیڈمیز مکمل ہوگئیں۔

پانچ ہفتے تک جاری رہنے والے اس تربیتی پروگرام میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی ٹریننگ دی گئی،کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں قائم حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر پرسندھ کے تینوں ریجنزکراچی، حیدرآباد اور لاڑکانہ کے کھلاڑیوں کوتربیت فراہم کی گئی۔

اس اکیڈمی میں کراچی کی دو ٹیمیں وائٹس اوربلوز کے ساتھ ہر ریجن کی ایک ایک ٹیم نے شرکت کی، ہر ٹیم میں 20 کھلاڑی اور 5 آفیشلز شامل تھے، آفیشلز میں ہیڈ کوچ، اسٹنٹ کوچ، ٹرینر، فزیو اوراینالسٹ نے خدمات انجام دیں،13برس تک خدمات انجام دینے کے بعد پی سی بی کوخیر بادکہہ کرایچ بی ایل کے ساتھ بطورہیڈکوچ منسلک ہو جانے والے سابق ٹیسٹ کرکٹرسلیم جعفر نے کیمپ کی نگرانی کی۔

نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم جعفر نے بتایا کہ 21 جون سے شروع ہونے والی اس اکیڈمی میں صوبے بھرکے منتخب ابھرتے ہوئے کرکٹرزکی فزیکل فٹنس کوبہتر بنانے کے ساتھ ان کی تیکنیک میں نکھار لانے کے لیے اقدامات کیے گئے، دوران کیمپ کھلاڑیوں کے لیے عملی تربیتی کے ساتھ لیکچرز کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں قومی سلیکٹر و سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد اور معین العتیق نے کلیدی لیکچرز دیے اورزیرتربیت کرکٹرزکوکرکٹ کے حوالے سے بنیادی رموز سے آگاہی فراہم کی۔

دوران ٹریننگ کرکٹرزکی تیکنیک کو بہتر بنانے کے لیے ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے اصلاح بھی کی گئی،کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کی متوازن خوراک پر بھی خصوصی توجہ دی گئی جبکہ کیمپ کے آخری مراحل میں چاروں ریجن کی ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا بھی انعقاد کیا گیا جو کراچی بلوز نے ٹیم نے جیت لیا۔

کیمپ میں ریجن کے آفیشلز ہیڈ کوچ، اسسٹنٹ کوچ، ٹرینر، فزیو اوراینالسٹ میں ترتیب وارکراچی وائٹس سے سلیم جعفر، محمد مسرور، عمران خلیل، امتیاز خان، کراچی بلوز سے اعظم خان، عاصم علی رضوی، محمدحسین، عثمان غنی، شاکرخلجی، حیدرآباد سے اقبال امام، طاہر محمود، محمد جاوید، محمد عالم،لاڑکانہ سے شوکت مرزا، مظہر اقبال، پرویز مجید، مکیش کمار اور فدا حسین شامل تھے۔

دریں اثنا کیمپ کے آخری دن ہفتے کواختتامی تقریب کا انعقاد ہوا، اس موقع پر پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک و انٹرنیشنل کرکٹ و سابق ٹیسٹ کرکٹر ہاورن رشید نے کیمپ کے شرکا کو ملنے والی تربیت سے بھر پور استعفادہ کرنے اور انتھک محنت کی تاکید، انھوں نے امید ظاہر کی کہ ٹریننگ پانے والے کرکٹرز اپنی صلاحیتوں اور اہلیت کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف قومی بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی بہتر مقام بنانے کی کوشش کریں گے، اس موقع پر پی سی بی کے لیے اپنا آخری اسائمنٹ کرنے والے سلیم جعفر کو الوداعیہ بھی دیا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں