ایشین گیمز سرکاری خرچ پر 245 ایتھیلٹس انڈونیشیا جائیں گے

غیر الحاق شدہ فیڈریشنز کے 83 ایتھلیٹس و آفیشلز اپنے اخراجات پر سفر کریں گے


اخراجات میں کمی کیلیے تعداد کم کی گئی، سیکریٹری پی او اے۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

ایشین گیمز میں سرکاری خرچ پر 245 ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔

18 اگست سے 2 ستمبر تک انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں شیڈول ایشین گیمز میں پاکستانی دستے کے معاملات طے پا گئے، قومی دستے کی تعداد 300 سے کم کرکے 245 کردی گئی ۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن جنرل (ر) عارف حسن کی سربراہی میں ہونیوالے اجلاس کے دوران کیا گیا۔

اولمپک ہاؤس لاہور میں منعقدہ اجلاس طے پایا گیا ہے کہ ٹیموں کی فائنل انٹریز اور ڈراز پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے قومی دستے سے کسی بھی ٹیم کو ڈراپ نہیں کیا جائیگا تاہم حکومتی اخراجات کو کم کرنے کیلیے قومی دستے کی تعداد 300 سے کم کرکے 245 کر دی گئی ہے۔ پی او اے اور پی ایس بی کے ساتھ غیر الحاق شدہ نیشنل اسپورٹس فیڈریشنز کے بھی 83 ایتھلیٹس اور آفیشلز ایشین گیمز میں شریک ہوں گے تاہم یہ اپنے اخراجات خود برداشت کرینگے۔

اس سے قبل لاہور میں ہی ہونیوالے اجلاس میں طے کیا گیا تھا کہ ایشین گیمز کے دوران 300 کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیںگے، تاہم فٹبال، جمناسٹک، ٹیبل ٹینس اور اسپورٹس بورڈ سے الحاق نہ کرنے والی کھیلوں کی تنظیموں کے کھلاڑیوں کو حکومت کی طرف سے اسپانسر نہیں کیا جائیگا، صورتحال پر فیڈریشنز کے حکام نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔

پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکریٹری واجد علی چوہدری کاکہنا تھا کہ اگرکھلاڑیوں کوانٹرنیشنل مقابلوں میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ہی نہیں دیا جائے گا تووہ میڈلز کیسے جیت سکیں گے، اگر یہی سلوک روا رکھنا ہے تو حکومت کی طرف سے تمام ملکی کھیلوں پر پابندی لگا دینی چاہیے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل خالد محمود کے مطابق ایشین گیمز کیلیے فائنل دستے کی حتمی فہرست پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھیجی جا رہی ہے تاکہ 245 کھلاڑیوں کے فضائی سفر اور قیام وطعام کا انتظام کیا جاسکے۔

ادھر ایشین گیمز میں شرکت کرنے والی قومی فٹبال ٹیم کو پاکستان فٹبال فیڈریشن اپنے خرچ پر انڈونیشیا بھیجے گی، ذرائع کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈکی جانب سے فنڈز کی کمی کے باعث کھلاڑیوں کی تعداد میں کمی کا معاملہ پی ایف ایف حکام کے بخوبی علم میں ہے جس کے بعد پی ایف ایف انتظامیہ نے پاکستان اور پاکستان فٹبال کے مفاد میں قومی فٹبال ٹیم کو اپنے خرچ پر ایشین گیمز فٹبال ایونٹ کیلیے بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ایف ایف کر کٹ کے بعد پاکستان کی دوسری اسپورٹس باڈی ہے جو حکومتی ذرائع پر انحصار نہیں کرتی اور یہ سب کچھ پی ایف ایف مینجمنٹ صدر فیصل صالح حیات اور سیکریٹری کرنل(ر) احمد یار لودھی کی بہترین حکمت عملی اور ان کے بہترین بین الاقوامی تعلقات کا نتیجہ ہے کہ اسے فنڈز کیلیے حکومت کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں