پاک فضائیہ کا اعزاز

رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو میں دوسری پوزیشن


2018ء کے رائل انٹرنیشنل ایئرٹیٹو شو میں ’’تیس ممالک‘‘ سے تعلق رکھنے والے ’’تین سو دو‘‘ عسکری طیارے شریک ہوئے۔ فوٹو: فائل

پچھلے ماہ پاک فضائیہ کے ہنرمندوں نے بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا۔ انہوں نے دیار غیر میں فخر و شان سے پاک وطن کا جھنڈا بلند کیا اور دوست دشمن کو دکھادیا کہ مہارت میں پاکستانی ہنرمند کسی سے کم نہیں۔

برطانیہ میں ہر سال ماہ مئی کے تیسرے ہفتے کاؤنٹی گلوسٹر شائر میں واقع ایک وسیع و عریض میدان، آر اے ایف فیرفورڈ میں دنیا کا سب سے بڑا ملٹری ایئرشو''رائل انٹرنیشنل ایئرٹیٹو شو'' منعقدہوتا ہے۔

اس شو میں کئی ممالک سے مختلف عسکری طیارے شرکت کرتے ہیں۔ وہ فضا میں پرواز کرکے اپنے کمالات دکھاتے ہیں۔ اس شو کا خاص پروگرام وہ ہے جس میں دلکش و حسین ٹیٹو یا رنگین نقش و نگار والے عسکری طیارے حصہ لیتے ہیں۔ اس پروگرام کو ہزاروں لوگ دیکھتے اور ہنرمندوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہیں۔

2018ء کے رائل انٹرنیشنل ایئرٹیٹو شو میں ''تیس ممالک'' سے تعلق رکھنے والے ''تین سو دو'' عسکری طیارے شریک ہوئے۔ پاک فضائیہ نے ٹیٹو پروگرام کے لیے ایک سی۔130 طیارہ بھجوایا جسے پاکستانی ماہرین نے خوبصورت نقش و نگار بناکر بڑی عمدگی سے سجایا تھا۔ ان کی محنت کا عمدہ نتیجہ نکلا اور پاک فضائیہ کے جہاز نے ٹیٹو پروگرام میں دوسری پوزیشن پانے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کامیابی پر پاک فضائیہ کے ہنرمند شاندار داد و تحسین کے مستحق ہیں۔

یاد رہے، پاک فضائیہ 2016ء میں ٹیٹو پروگرام کی ٹرافی جیت چکی جو انگریزی میںConcours D'Elegance trophy کہلاتی ہے۔ تب دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے بھی پاک فضائیہ کو اس ٹرافی سے نوازا گیا۔ٹیٹو پروگرام میں شرکت کرنے والا سی۔130 پاک فضائیہ کے سکواڈرن نمبر 6 سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ پاک فضائیہ کا ٹرانسپورٹ اسکواڈرن ہے جسے عرف عام میں ''اینٹیلوپس'' کہا جاتا ہے۔ یہ اسکوڈرن تین جنگوں میں چار ستارۂ جرأت، ایک امتیازی سند اوردو تمغہ جرأت حاصل کرچکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں