الیکشنکھلاڑیوں نے بھی حق رائے دہی استعمال کیا

ملک میں امن وامان قائم ہو گا اورخوشگوار تبدیلیاں آئیں گی،سابق پلیئرز کو امید


Zubair Nazeer Khan May 12, 2013
ملک میں امن وامان قائم ہو گا اورخوشگوار تبدیلیاں آئیں گی،سابق پلیئرز کو امید فوٹو: فائل

عام انتخابات میں کھلاڑیوں نے بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، انھوں نے توقع ظاہر کی کہ ملک میں امن وامان قائم ہو گا اورخوشگوار تبدیلیاں آئیں گی۔

سابق ٹیسٹ کپتان ظہیر عباس نے ڈیفنس کے علاقے میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا،ایشین ڈان بریڈ کے نام سے معروف سابق قومی کپتان نے کہا کہ خواہش ہے کہ ملک ترقی کرے اور دنیا بھر میں گرین پاسپورٹس کی قدر ہو،ایک اور سابق ٹیسٹ کپتان معین خان نے بھی ڈیفنس میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ کرے کہ پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ اور اخوت و بھائی چارے میں اضافہ ہو،پی ای سی ایچ ایس کے علاقے میں ووٹ ڈالنے والے سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے کہا کہ ملک میں دلوں سے میل نکالنے اور خلوص و محبت کر فروغ دینے کی ضرورت ہے، ہمیں شہر قائد کو جلنے سے بچانا ہوگا، سابق چیف سلیکٹر اور قومی ٹیم کے سابق کوچ محسن حسن خان نے ڈیفنس میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا، انھوں نے کہاکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے،سابق ہاکی کپتان اولمپئن اصلاح الدین صدیقی نے اپنا ووٹ ڈیفنس میں ڈالا۔



انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ آنے والی قیادت قومی سلامتی و ترقی کو اولین ترجیح دے گی اور عوام کے حقیقی مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی،دنیائے ہاکی میں فلائنگ ہارس کے نام سے معروف سابق قومی کپتان اولمپئن سمیع اللہ خان نے دھورا جی کے علاقے میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، انھوں نے کہاکہ ملک کو اس وقت معاشی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔

رواں انتخابات میں ووٹنگ کی شرح میں اضافہ خوش آئند ہے،ڈیفنس ہی کے علاقہ میں ووٹ ڈالنے والے سابق قومی کپتان اولمپئن حسن سردار نے کہا کہ ووٹ کی قدر آنا قومی شعور میںاضافہ ظاہر کرتا اور یہ ملک میں بڑی تبدیلی کی نوید ہے،سابق اولمپئن جہانگیر بٹ نے اپنا ووٹ کراچی سوسائٹی میںکاسٹ کیا، انھوں نے کہاکہ ملک کو مزید تباہی سے بچانے کی ضرورت ہے، نئی حکومت کو امن کے قیام، معاشی بدحالی کے خاتمے اور قرضوں سے نجات کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں