کراچی کے بعض حلقوں میں دھاندلی کی شکایات ملیں یورپی مبصر

مبصرین مئی کے آخر تک قیام کرینگے،ابتدائی جائزہ رپورٹ آج،جامع سفارشات پرمبنی رپورٹ 2 ماہ بعدجاری کی جائے گی


Malik Manzoor Ahmed May 13, 2013
عام انتخابات شفاف اورآزادانہ ہوئے،سفارتی ذرائع،سعودی سفیرکانوازشریف کومبارکباد کاخط،جرمن سفیرظہرانہ دینگے. فوٹو: فائل

پاکستان میں عام انتخابات کیلیے یورپی یونین کے مبصر مشن کے سربراہ مائیکل گاہلر پاکستان آج پیر کو اپنی ابتدائی جائزہ رپورٹ جاری کریں گے۔

مشن اپنی رپورٹ میں کراچی سمیت سندھ کے بعض دیگر شہروں میں مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے بارے میں تحفظات کا اظہار کرے گا۔ یورپی یونین مبصر مشن کے ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ہمیں کراچی میں بعض حلقوں میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ، پولنگ اسٹاف کے نہ ہونے اور بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگانے کی مصدقہ اطلاعات ملی ہیں، یورپی یونین کے 140 مبصرین نے عام انتخابات کا مشاہدہ کیا ہے، مشن جامع سفارشات پر مبنی رپورٹ 2 ماہ کے بعد جاری کریگا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ یورپی یونین کے لانگ ٹرم آبزرور مئی کے آخر تک پاکستان میں قیام کریں گے، مائیکل گاہلر آج اپنی ابتدائی رپورٹ میں ٹرن آؤٹ کے زیادہ ہونے پر اطمینان کا اظہار کریں گے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ اپنی رپورٹ میں انتخابی عمل پر مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کریں گے۔

دوسری طرف برطانیہ، امریکہ، جرمنی، فرانس اور دیگر ممالک کی قیادت نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں ریکارڈ ٹرن آؤٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان انتخابات کو جمہوریت اور جمہوری اداروں کیلیے اہم قرار دیا ہے۔ اسلام آباد کے سفارتی ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں ریکارڈ عوامی شرکت اس بات کی غمازی ہے کہ یہاں اب جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے اور ان انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کی شرکت سے ثابت ہوتا ہے کہ سیاسی پختگی میں اضافہ ہوا ہے۔



سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ عام انتخابات شفاف اور آزادانہ ہوئے ہیں، غیر ملکی مبصرین نے موثر انداز میں عام انتخابات کی مانیٹرنگ کی ہے، اسلام آباد میں تعینات غیر ملکی سفیروں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو عام انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد کے پیغامات دیئے ہیں ، سعودی عرب کے سفیر مسٹر عبدالعزیز الغدیر نے میاں نواز شریف کو مبارکباد کا خط لکھا ہے جس میں انھوں نے سعودی عرب کی قیادت کی طرف سے انھیں مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان باہمی تعلقات مزید بہتر ہونگے، اسلام آباد میں تعینات سعودی عرب کے سیر عبدالعزیز الغدیر مسلمان ممالک کے سفیروں کی طرف سے میاں نواز شریف کے اعزاز میں جلد تقریب منعقد کریں گے جبکہ جرمنی کے سفیر ڈاکٹر سیرل نن میاں نواز شریف کے اعزاز میں یورپی یونین کے سفیروں کی طرف سے ظہرانہ دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں