پاکستان سمیت دنیا بھر میں صدی کا طویل ترین چاند گرہن

پاکستان میں گرہن کا دورانیہ 6 گھنٹے سے زائد ہے جو ایک بج کر 21 منٹ پر عروج پر ہوگا


سہیل یوسف July 27, 2018
اس صدی کے طویل ترین چاند گرہن کا آغاز ہوچکا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان سمیت دنیا بھر میں صدی کا طویل ترین چاند گرہن جاری ہوا۔

اس صدی کا سب سے طویل اور بلڈ مون چاند گرہن پاکستان سمیت دنیا بھر میں دیکھا گیا۔ چاند گرہن جمعے کی رات کے آخری لمحات میں شروع ہوا اور پاکستان میں ہفتہ 28 جولائی کو رات 3 بج کر 25 منٹ پر ختم ہوا تاہم دنیا بھر میں اس کا دورانیہ 6 گھنٹے 14 کا تھا۔

یہ چاند گرہن گرین لینڈ ، امریکا اور کینیڈا کو چھوڑ کر دنیا کے بقیہ کئی ممالک میں بہت صراحت سے دیکھا گیا۔ ماہرینِ فلکیات کے مطابق چاند گرہن دیکھنے کے لیے کسی بھی حفاظتی اقدامات کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ عموماً سورج گرہن کو دیکھنے میں ہی غیرمعمولی حفاظتی اقدامات کے طور پر سیاہ چشمے، فلٹر یا ایکسرے استعمال کیے جاتے ہیں۔



چاند گرہن کا بہترین نظارہ مشرقی افریقا، مشرقِ وسطیٰ، بھارت ، پاکستان اور چین کے بعض حصوں میں ممکن رہا۔ اسی مناسبت سے پاکستانیوں کے لیے یہ ایک اہم موقع تھا جو زندگی میں دوبارہ نہیں ملے گا۔

چاند گرہن اور خونی چاند گرہن

جب سورج اور چاند کے درمیان زمین ایک ہی قطار میں آجائے تو زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے جس سے چاند گرہن واقع ہوتا ہے۔ تاہم 27 جولائی کا چاند گرہن ایک جانب تو طویل ترین مظہر تھا تو دوسری جانب سرخی مائل بھی تھا۔ آخر اس سرخی کی وجہ کیا ہے؟

ماہرین کے مطابق مکمل چاند گرہن کے بعد وہ سرخی مائل دکھائی دے گا کیونکہ مکمل چاند گرہن کے بعد چاند سے منعکس ہونے والی کچھ روشنی جب زمینی فضا میں داخل ہوگی تو وہ سرخی مائل ہوجاتی ہے۔ سرخی مائل چاند گرہن کی اس کیفیت کو انگریزی میں بلڈ مون کہا جاتا ہے۔ یہ منظر پاکستان سے بھی دیکھا گیا۔

پاکستان اور چاند گرہن

معتبر ویب سائٹ ٹائم اینڈ ڈیٹ ڈاٹ کام کے مطابق سوا 10 بجے شروع ہونے والے چاند گرہن کا دورانیہ 6 گھنٹے اور کچھ منٹ تھا۔ پاکستانی وقت کے مطابق 11 بج کر 24 منٹ پر جزوی اور 28 جولائی ہفتے کی رات ایک بج کر 21 منٹ پر مکمل چاند گرہن ہوا تاہم وہ 3 بج کر 25 منٹ تک جاری رہا۔

گرہن کے چاند کی روشنی مکمل طور پر غائب ہوگئی اور وہ سرخی مائل بھی دکھائی دیا تاہم یہ عمل ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ اس کے بعد دھیرے دھیرے چاند گرہن ختم ہونا شروع ہوا اور صبح چار بج کر 28 منٹ پر دنیا بھر سے گرہن مکمل طور پر ختم ہوگیا۔

اس طرح چاند گرہن کے مکمل عمل کا دورانیہ چھ گھنٹے اور 14 منٹ رہا جو ایک ریکارڈ ہے اور اتنا طویل دورانیہ مستقبل قریب میں دیکھنا ممکن نہ ہوگا۔ دوسری جانب مکمل چاند گرہن کا دورانیہ بھی ایک گھنٹہ 43 منٹ ہے جو اس صدی کا سب سے طویل دورانیہ بھی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں