پنجاب میں مویشیوں کی مجموعی تعداد 7 کروڑ سے تجاوز

بڑے مویشی2.89کروڑ،چھوٹے2.05کروڑ،دیگر8.70لاکھ،پرندے2.30کروڑ ریکارڈ


خبر ایجنسی July 30, 2018
بڑے مویشی2.89کروڑ،چھوٹے2.05کروڑ،دیگر8.70لاکھ،پرندے2.30کروڑ ریکارڈ۔ فوٹو :فائل

پنجاب میں حالیہ مال شماری کے مطابق صوبے میں مویشیوں کی تعداد 7 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔

محکمہ لائیواسٹاک و ڈیری ڈیولپمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں حال ہی میں کی گئی مال شماری میں بڑے مویشیوں کی تعداد 2 کروڑ 89 لاکھ 52 ہزار 586 ریکارڈ کی گئی ہے۔ چھوٹے مویشیوں کی تعداد 2 کروڑ 5 لاکھ 13 ہزار 796، دیگر مویشیوں بشمول گدھوں، اونٹوں، خچروں کی تعداد 8 لاکھ 70 ہزار 382 ریکارڈ کی گئی جبکہ پرندوں کی تعداد 2 کروڑ 30 لاکھ 35 ہزار 555 ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ لائیواسٹاک و ڈیری ڈیولپمنٹ پنجاب کے حکام نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ پنجاب میں مال شماری کے حالیہ اعدادو شمار کے مطابق پنجاب میں مویشیوں کی مجموعی تعداد 7 کروڑ 33 لاکھ 72 ہزار319 ہو گئی ہے۔

مال شماری کی افادیت و دیگر تفصیلات کے بارے میں ڈائریکٹر محکمہ لائیواسٹاک و ڈیری ڈیولپمنٹ راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مال شماری کی بدولت تعداد کے لحاظ سے ویکسینیشن کی پلاننگ اور بروقت حفاظتی ٹیکوں کی فراہمی، کسی ایک علاقے میں مویشیوں میں کسی مخصوص بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے ہنگامی اقدامات، مویشی بچوں کے ریکارڈ سے آنے والی نسل کے بارے میں آگہی و پلاننگ اور نر اور مادہ کا تناسب معلوم کرنا، مستقبل میں انسانی ضروریات کے پیش نظر پالیسی کی ترتیب و تشکیل، مال برداری کے جانوروں کی درست تعداد کے تناسب سے دیکھ بھال کی پالیسی کی تشکیل، کسی بھی علاقے میں موجود مویشیوں کی تعداد کی مناسبت سے لائیواسٹاک عملے اور اسپتالوں کی دستیابی کو یقینی بنانا اور لائیواسٹاک فارمرز کو ہیلپ لائن 9211 ورچوئل سسٹم کے ذریعے محکمے سے منسلک کرنا اور تمام سہولتوں کا فارمرز تک پہنچانا ممکن ہوتا ہے اور یہ سب کچھ مال شماری کے ثمرات ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں مال شماری کاکام 2006 سے بارہ برس بعد پایہ تکمیل کو پہنچا ہے جسے مویشی پال حضرات نے بے حد سراہا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں