سی پیک منصوبے کے تحت آپٹیکل فائبر پروجیکٹ مکمل

شمالی علاقوں میں ٹیلی کام شعبے کی ترقی میں معاونت،تیز ترین انٹرنیٹ سہولتیں میسر آئیں گی


حسیب حنیف July 30, 2018
شمالی علاقوں میں ٹیلی کام شعبے کی ترقی میں معاونت،تیز ترین انٹرنیٹ سہولتیں میسر آئیں گی۔ فوٹو:فائل

چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت آپٹیکل فائبر پروجیکٹ مکمل کر لیا گیا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت 4کروڑ 40لاکھ ڈالر کے آپٹیکل فائبر منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہدار ی منصوبے (سی پیک) کے تحت آپٹیکل فائبر منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جو کہ سی پیک کے تحت اب تک مکمل ہونے والے منصوبوں میں سے ایک منصوبہ ہے، پاک چائنا آپٹیکل فائبر کیبل پروجیکٹ سے پاکستان کو زمینی کیبل سے رابطہ کاری کی سہولت ملے گی اور اس کا سمندری کیبل پر انحصار کم ہو گا۔

یہ منصوبہ دو سال کی ریکارڈ مد ت میں مکمل ہوا ہے، اس میں راولپنڈی سے خنجراب تک 820کلو میٹر زیر زمین آپٹیکل فائبر اور کریم آباد تا خنجراب 172کلو میٹر فضائی آپٹیکل فائبر کے مواصلاتی انفرااسٹرکچر کی ترقی شامل ہے۔

علاوہ ازیں راولپنڈی تاخنجرا ب مختلف مقامات پر آپٹیکل فائبر کیبل نیٹ ورک کے بیک اپ کے لیے اعلی استعداد کے حامل 26مائیکر و ویولنکس اور 9سینٹر ز بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔ یہ منصوبہ ملک کے شمالی علا قوںمیں ٹیلی کام کے شعبے کی ترقی کے لیے بھی معاون ہو گا۔ سی پیک کے تحت مکمل ہونے والے تقریبا 10منصوبوں میں آپٹیکل فائبر بھی شامل ہو گیا جو پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر ے گا۔

یاد رہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت پاکستان بھر میں تقریبا 50ارب ڈالر کے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ جس میں سے اس وقت تک 29ار ب ڈالر کے منصوبوں پر کام جاری ہے اور ان 29 ارب ڈالر کے منصوبوں میں سے چند مکمل بھی ہو چکے ہیں۔

آپٹیکل فائبر منصوبہ بھی سی پیک کے تحت انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس کا مقصد پاکستان کے شمالی علاقہ جات کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے جبکہ سی پیک کے تحت شمالی علاقہ جات کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی یہ منصوبہ انتہائی معاون ثابت ہو گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔