الیکشن میں ایک لاکھ سے زائد ووٹ ضائع کئی نشستوں کے نتائج تبدیل

کراچی میں مجموعی طور پرایک لاکھ 14 ہزار 4 قیمتی ووٹ ضایع ہوگئے،این اے 239 میں 3 ہزار 281 ووٹ مسترد ہوئے


عامر فاروق July 30, 2018
صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 97 میں 845 ووٹ مسترد کیے گئے۔ فوٹو: فائل

عام انتخابات 2018 کے دوران کراچی کی مختلف نشستوں پر ڈالے جانے والے مجموعی طور پرایک لاکھ 14 ہزار 4 قیمتی ووٹ ضایع ہوگئے، کئی نشستیں ایسی بھی ہیں جہاں ووٹ مسترد نہ کیے جاتے تو نتائج تبدیل ہوسکتے تھے۔

کراچی کی 21 قومی اسمبلی کے حلقوں پر مختلف وجوہات کی بنا پر 55 ہزار 430 ووٹ مسترد کیے گئے، این اے 246 نمایاں رہا جہاں سب سے زیادہ 3 ہزار 468 ووٹ مسترد ہوئے مگر یہاں فتح حاصل کرنے اور دوسرے نمبر پر آنیوالے امیدوار درمیان 10 ہزار 405 ووٹ کا نمایاں فرق ہے لیکن این اے 239 میں یہ معاملہ کچھ مختلف رہااس حلقے میں 3 ہزار 281 ووٹ ضایع ہوگئے مگر یہاں جیتنے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار کے ووٹوں کا فرق صرف 336 ووٹ ہے اگر ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا درست طریقے سے استعمال کرتے تو نتیجہ کچھ اور بھی ہوسکتا تھا۔

این اے 249 میں بھی کچھ اسی طرح کی صورتحال رہی جہاں پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل واوڈا نے صرف 718 ووٹ کے فرق سے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کو شکست دی اور یہاں مختلف غلطیوں کی وجہ سے 2 ہزار 684 ووٹ مسترد کیے گئے جن کی درستگی نتائج تبدیل کرسکتی تھی۔

سندھ اسمبلی کے 43 حلقوں پر بھی مجموعی طور پر 58 ہزار 574 ووٹ مسترد کیے گئے، پی ایس 97 کا جائزہ لیا جائے تو یہاں مسترد ووٹوں کی تعداد 845 جبکہ جیتنے اور ہارنے والے امیدواروں کے درمیان ووٹوں کا فرق صرف 133 ووٹ کا ہے، پی ایس 99 میں بھی پی ٹی آئی کے امیدوار نے محض 637 ووٹ کے فرق سے فتح حاصل کی اور اس حلقے سے 816 ووٹ مسترد ہوئے۔

اسی طرح دلچسپ صورتحال پی ایس 121 میں بھی دیکھی گئی جہاں جیت اور ہار کا فرق صرف 467 رہا جبکہ مسترد ووٹوں کی تعداد 1288 تھی، پی ایس 122 میں بھی 894 ووٹ مسترد ہوئے جبکہ فتح 765 ووٹ سے ہوئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں