ویرات کوہلی نے انگلینڈ سے میچ میں ’مزاح‘ کے رنگ بھر دیے

روٹ کو رن آئوٹ کرنے کے بعد فلائنگ کس،’بیٹ ڈراپ‘ کا اشارہ بھی کیا


خبر ایجنسی August 03, 2018
کھیل میں مذاق کا عنصرشامل ہوگیا،کچھ غلط دکھائی نہیں دیتا،انگلش قائد۔ فوٹو: فائل

بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے انگلینڈ سے سیریز میں 'مزاح' کے رنگ بھر دیے۔

ویرات کوہلی نے جوئے روٹ کو رن آئوٹ کرنے کے بعد فلائنگ کس کیا اور ساتھ میں 'بیٹ ڈراپ' کا اشارہ بھی کر دیا۔ انگلش کپتان نے کہاکہ مجھے اس میں کچھ غلط دکھائی نہیں دیتا بلکہ کھیل میں مذاق کا عنصر شامل ہوا ہے۔

پہلے ٹیسٹ کے ابتدائی روز وکٹ کیپر جونی بیئر اسٹو نے مڈوکٹ کی جانب شاٹ کھیل کر سنگل مکمل کیا، پھر وہ دوسرے رن کیلیے بھاگ کھڑے ہوئے جس پر کوہلی کی ڈائریکٹ ہٹ پر روٹ رن آئوٹ ہوگئے، انھیں 80 کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس جانا پڑا۔

بھارتی کپتان نے اس وکٹ کا جشن دلچسپ انداز میں منایا، انھوں نے پہلے اپنی انگلیاں ہونٹوں پر لگاکر روٹ کی جانب فلائنگ کس بھیجا اور پھر ' بیٹ ڈراپ ' کا اشارہ بھی کیا، دراصل اس طرح کوہلی نے روٹ کے اپنے خلاف ہیڈنگلے میں کھیلے گئے ون ڈے میں سنچری کی تکمیل پر ہونے والی حرکت کا جواب دیا۔

اگرچہ کچھ لوگوں نے اس کو متنازع اشارہ بھی قرار دیا تاہم آخری اطلاعات تک نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے میچ ریفری جیف کرو نے اس پر کوئی نوٹس نہیں لیا تھا، خود جوئے روٹ نے بھی اس حرکت کو مذاق میں ہی لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں نے اس وقت تک کوہلی کی حرکت کو نہیں دیکھا تاہم رات کو فوٹیج دیکھی، انھوں نے دراصل گیم میں مزاح کو شامل کیا ہے، کچھ چیزیں اگر حد کے اندر ہوں تو اچھی بھی لگتی ہیں،میں کوہلی کے اس اشارے کو مذاق کے طور پر ہی لے رہا ہوں، مجھے یقین ہے کہ پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ہمیں کچھ اور دلچسپ چیزیں بھی دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔

ایک سوال پر روٹ نے واضح کیا کہ وہ اس کو کوئی بڑا ایشو نہیں سمجھتے بلکہ اس سے کرکٹ دلچسپ ہوتی اور لوگ زیادہ شوق سے ٹیسٹ میچز دیکھتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں