ایک ہفتہ گزرگیا چین میں محصور 324 مسافر وطن نہ پہنچے

سول ایوی ایشن نے پاکستانی مسافروں کی واپسی کیلیے لامحدود پروازوں کی اجازت دے دی


آفتاب خان August 05, 2018
سی ای اوایئر لائن کی بھی شعبہ فلائٹ آپریشن کو چین کیلیے خصوصی پروازچلانے کی ہدایت۔ فوٹو؛فائل

گونزوچین میں محصور شاہین ایئر کے 324مسافروں کی وطن واپسی ایک ہفتہ گزرجانے کے بعد بھی ممکن نہ ہوسکی۔

سول ایوی ایشن نے پاکستانی مسافروں کی واپسی کیلیے لامحدود پروازوں کی اجازت دے دی ،قومی ایئر لائن کے سی ای او نے بھی شعبہ فلائٹ آپریشن کو چین کے لیے خصوصی پرواز چلانے کی ہدایت کر دی۔

ذرائع کا کہناہے کہ گونزو چین سے 29 جولائی جبکہ اس کے 4 روز بعد 2 اگست کو ایک دوسری پرواز سے لاہور آنے والے مسافرسول ایوی ایشن اتھارٹی اور شاہین ایئرکے درمیان واجبات کے تنازعے کے باعث پاکستان نہیں پہنچ سکے۔

پروازوں کی بدترین تاخیرکی وجہ سے چین میں پھنس جانیوالے مسافروں کی وطن واپسی کے لیے سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا۔جس کے بعد سول ایوی ایشن نے شاہین کو خصوصی اجازت نامہ جاری کردیا مگر مسافروں کی واپسی تب بھی ممکن نہیں ہوئی۔وجہ یہ رہی کہ جس وقت شاہین کی خصوصی پرواز ہفتے کی علی الصباح لگ بھگ تین بجے اڑان کے لیے تیارتھی اسی دوران سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر کے اے 330ساختہ جہازکو اڑان کے لیے غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق مذکورہ جہاز کے انجن میں نصب ہوز پائپ کی 6سالہ مدت پوری ہوچکی ہے اس وجہ سے یا تو جہازکے انجن میں نصب ربڑ کا پرزہ تبدیل کردیاجائے یا پھر کسی متبادل جہاز سے پرواز کی جائے مگر اس دوران شاہین متبادل جہاز دستیاب نہ کرسکا۔ دوسری وجہ کچھ یوں بنی کہ شاہین کے فضائی بیڑے میں شامل چار اے 320جہازوں کے پاس چین میں اترنے کی اجازت نہیں ہے۔باقی کے چار اے 330جہازوں سے ایک فنی خرابی کا شکار ہوگیا۔ 2جہاز اس وقت معائنے پر بیرون ملک بھیجے گئے ہیں جبکہ ایک رہ جانے والا جہاز حج آپریشن میں استعمال ہورہا ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ شاہین ایئرایک جانب متبادل جہاز کے لیے کوششیں کررہا ہے جبکہ دوسری جانب فاضل پرزے کی دستیابی کے لیے جہازسازکمپنی سے بھی رابطے میں ہے۔ ترجمان شاہین کا کہناہے کہ چین سے مسافروں کو وطن واپس لانے کے لیے مختلف چارٹر کمپنیوں سے بات چیت چل رہی ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن کا کہناہے کہ ابتدا میں شاہین ایئرانتظامیہ کو صرف ایک خصوصی جہاز کی اجازت دی گئی تھی تاہم اب نئے اجازت نامے کے تحت شاہین ایئرچین سے مسافروں کی واپسی کیلیے لامحدود جہاز استعمال کرسکتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں