چین میں پھنسے 214 پاکستانی مسافر وطن واپس پہنچ گئے

نجی ایئرلائن کی پروازمسافروں کولے کر لاہور ایئر پورٹ پہنچی، چیف جسٹس نے نوٹس لیا تھا


وزارت خارجہ، پاکستانی سفارت خانے اور گوانگ ژو میں قونصلیٹ جنرل نے فعال کردار ادا کیا۔ فوٹو؛فائل

چین کے شہر گوانگزو میں کئی روز سے وطن واپسی کے منتظر 214 مسافر آخرکار وطن واپس پہنچ گئے۔

شاہین ایئر لائن کی پرواز این ایل891 مسافروں کو لے کر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پہنچ گئی، وطن واپس آنے والے مسافروں میں27 عورتیں اور 2 شیر خوار بچے بھی شامل ہیں، یہ پاکستانی شاہین ایئرلائن کے ذریعے چین گئے تھے، نادہند ہونے کی وجہ سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سعودی عرب کے علاوہ شاہین ایئرلائن کی تمام بین الاقومی پروازیں بند کررکھی ہیں۔

شاہین ایئرلائن کو فضائی آپریشن کی اجازت نہ ہونے کی وجہ سے300 مسافر 29 جولائی سے چین کے شہر گوانگزو میں وطن واپسی کے منتظر تھے چند مسافر دیگر ایئرلائنزکے مہنگے ٹکٹ خرید کر وطن واپس آگئے تھے تاہم214 مسافر مہنگا ٹکٹ خریدنے کی سکت نہ ہونے کے باعث چین میں ہی پھنسے ہوئے تھے۔

مسافروں کے چین میں پھنسے ہونے کی میڈیا پر خبریں چلنے کے پر چیف جسٹس آف پاکستان نے نوٹس لے کر اس حوالے سے فوری اقدام کا حکم دیا تھا جس کے بعد یہ پرواز مسافروں کو لے کر وطن واپس پہنچی، مسافروں کا کہنا تھا کہ وہاں پر مشکل تو ضرور ہوئی تاہم خیریت سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں یہ زیادہ اہم ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ترجمان دفترخارجہ کا کہناہے کہ وزارت خارجہ امور، بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے اور گوانگ ژو میں قونصلیٹ جنرل نے مسئلہ حل کرانے میں فعال کردار ادا کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں