ووٹ رازداری کیس میں عمران خان کے وکیل کا تحریری جواب مسترد

الیکشن کمیشن نے عمران خان سے بیان حلفی اور ان کا دستخط شدہ معافی نامہ طلب کرلیا


ویب ڈیسک August 09, 2018
عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور تحریری جواب جمع کرایا۔ فوٹو:فائل

لاہور: الیکشن کمیشن نے ووٹ رازداری کیس میں عمران خان کے وکیل کا تحریری جواب مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیرمین سے ذاتی حیثیت میں بیان حلفی اور دستخط شدہ معافی نامہ طلب کرلیا۔

الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف ووٹ کا تقدس پامال کرنے کے معاملے کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے درخواست کی کہ عمران خان کا این اے 53 اسلام آباد سے کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ نے اپنے جواب میں ووٹ کا تقدس پامال کرنے سے متعلق کچھ نہیں لکھا۔

بابر اعوان نے کہا کہ ووٹ کی رازداری سے متعلق ابھی عمران خان کی جانب سے جواب لکھ کردیتا ہوں، وہ جب پولنگ اسٹیشن پر گئے تو 150 لوگ موجود تھے اور رش سے کمپارٹمنٹ اسکرین بکھر گئی تھیں جس کی وجہ سے ووٹ نظر آگیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے بابر اعوان کا تحریری جواب مسترد کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو کل اپنے دستخط سے بیان حلفی اور معافی نامہ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کیس کے فیصلے تک این اے 53 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوگا۔

25 جولائی کو عمران خان اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 اسلام آباد میں پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے تو وہاں پر میڈیا بھی موجود تھا اور کپتان نے سب کے سامنے بیلٹ پیپر پر مہر لگاکر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس لیا گیا تھا۔

دوسری جانب سپریم کورٹ کی جانب سے لاہور میں دوبارہ گنتی کا عمل روکے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے 131 لاہور سے بھی چیرمین پی ٹی آئی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے جواب طلب

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان میں عمران خان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی بھی سماعت ہوئی۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور تحریری جواب جمع کرا دیا۔ عمران خان نے مخالفین کو گدھا کہنے کے اپنے بیان پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔ الیکشن کمیشن نے معافی قبول کرتے ہوئے عمران خان کیخلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کا کیس خارج کردیا۔

واضح رہے کہ عمران خان نے وطن واپسی پر نوازشریف کے استقبال کے لیے لاہور ائرپورٹ جانے والوں کو گدھا کہا تھا۔ الیکشن کمیشن نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے انتخابی مہم کے دوران نازیبا زبان استعمال کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے تحریری جواب طلب کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں