میرپورخاص پانی کی قلت کیخلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے

واٹر سپلائی عملہ50 سے 150روپے میں پانی کے ڈرم فروخت کررہے ہیں، مظاہرین


Express News Desk May 18, 2013
مظاہرین نے بتایا کہ کئی ہفتوں سے مذکورہ علاقوں کے رہائشی، پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں. فوٹو: رائٹرز/فائل

میرپورخاص کے مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت اور بدبودار پانی کی فراہمی کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔

کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے مختلف علاقوں سیٹلائیٹ ٹائون، اسکیم نمبر 2، گلشن کالونی، پنہور کالونی، لیاقت ٹائون، بھان سنگھ آباد، رحیم نگر اور ہاشم نگر کے رہائشیوں نے شیر خان کی سربراہی میں پینے کے پانی کی قلت اور بدبودار پانی کی فراہمی کے خلاف شدید احتجاج کیا جس کے باعث میرواہ روڈ بند ہوگیا اور کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی۔ مظاہرین نے بتایا کہ کئی ہفتوں سے مذکورہ علاقوں کے رہائشی، پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں جبکہ واٹر سپلائی اسکیم کا عملہ 50 روپے سے 150روپے میں پانی کے ڈرم فروخت کررہے ہیں۔



اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے میرپورخاص آصف اکرام موقع پر پہنچ گئے اور نصف گھنٹے تک مظاہرین سے مذاکرات کیے اور احتجاج ختم کرایا۔ انھوں نے کہا کہ بہت جلد عوام کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ پمپنگ اسٹیشن کی مشینیں خراب ہوجانے اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور وولٹیج میں کمی کے باعث صاف پانی کی فراہمی کے کام میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں