کراچی کے 5 پیسرز کو ٹریننگ کیلیے انگلینڈ بھیجا جائے گا

شہر میں6 اسٹیڈیمزکے نیٹ ایریاز میں فلڈ لائٹس لگائی جائیں گی، ندیم عمر


Numainda Khususi August 11, 2018
کے سی سی اے اسٹیڈیم کی حالت مکمل تبدیل کرنے کا ارادہ ہے،صدر ایسوسی ایشن فوٹو : اے پی پی / فائل

کے سی سی اے5 باصلاحیت پیسرزکو ٹریننگ کیلیے انگلینڈ بھیجے گی، اس کا انکشاف صدر ندیم عمر نے کیا۔

کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ندیم عمر نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو خصوصی انٹرویوز میں مستقبل کے منصوبے ظاہر کردیے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں فاسٹ بولرز کی کمی نظر آ رہی ہے،جلد ہی سابق ٹیسٹ پیسر جلال الدین کی معاونت سے پیسرزکا کیمپ لگایا جائے گا، اس میں بہتر پرفارم کرنے والے 5 کھلاڑیوں کو تربیت حاصل کرنے کیلیے انگلینڈ بھیجیں گے،اسی طرح مستقبل میں اسپنرز اور بیٹسمینوں کے کیمپس بھی لگانے کا ارادہ ہے۔

ندیم عمر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایسوسی ایشن کے زیرانتظام تمام 6 اسٹیڈیمز میں پہلے نیٹ ایریاز میں فلڈ لائٹس لگائیں۔ اس سے کھلاڑیوں کو رات میں بھی پریکٹس کا موقع مل سکے گا، بعد میں لائٹس کو پورے اسٹیڈیم تک بڑھا دیا جائے گا۔

کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ ہماراکے سی سی اے اسٹیڈیم کو مکمل تبدیل کرنے کا ارادہ ہے،اس میں کئی ہزار شائقین کی گنجائش رکھی جائے گی، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی طرز پر گھاس پر بیٹھ کر بھی لوگ میچز دیکھ سکیں گے۔ اس کیلیے حکومت نے ہم سے مالی معاونت کا وعدہ کیا ہے، ہم چاہتے ہیںکہ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کی طرز پر یہاں گھنٹی بھی نصب کرائیں جسے میچ سے قبل بجایا جائے گا،ہم میوزیم اور لائیبریری بھی بنانے کی خواہش رکھتے ہیں،اس کیلیے فنڈزخوداکھٹا کریں گے، بعض اسپانسرز سے بات چیت بھی چل رہی ہے، مجھے امید ہے کہ جلد کے سی سی اے اسٹیڈیم میں فرسٹ کلاس میچز بھی ہونے لگیں گے۔

ندیم عمر نے کہا کہ ابھی مجھے عہدہ سنبھالے چند ہی ماہ ہوئے ہیں، البتہ میری کوشش ہے کہ کراچی کرکٹ کو بلندیوں پر لے کر جاؤں، اس حوالے سے کئی تجاویز ذہن میں ہیں جن پر آہستہ آہستہ عمل درآمد کیا جائے گا، کے سی سی اے کے تحت ایک لیگ بھی کرائی جائے گی جس میں زونل ٹیمیں حصہ لیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں