ترک انویسٹر پاکستان سے تجارتی تعلقات بڑھانے کے خواہاں

بزنس کمیونٹی باہمی تعلقات مزیدمستحکم کرنے میں اہم کرداراداکرسکتی ہے،اسرافیل کوریلے


خبر ایجنسی August 12, 2018
نائب صدر استنبول چیمبرکی صدر ایف پی سی سی آئی سے ملاقات،دوطرفہ تجارت بڑھانے پر زور۔ فوٹو: فائل

ترکی کے سرمایہ کاروں نے کہا ہے کہ وہ پاکستان سے تجارتی تعلقات بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

استبنول چیمبر آف کامرس کے نائب صدر اسرافیل کوریلے اور دیگر بزنس مینوں نے ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں اور اہم علاقائی و بین الاقوامی معاملات پردونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے مگر دو طرفہ تجارت کم ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ترک سرمایہ کاروں نے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور یہ کہ ان کے مابین رابطوں کی کمی ہے جبکہ ویزے کے معاملات بھی تجارت میں اضافے میں حائل ہیں۔

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے کہا کہ برادرانہ تعلقات کے باوجود تجارت مسلسل کم ہو رہی ہے۔ دو طرفہ تجارت کا جھکائو ترکی کی جانب ہے جسے متوازن کرنے کے لیے پاکستانی مصنوعات کو محاصل میں رعایت دینے کی ضرورت ہے جس میں ملبوسات، کپڑے، ہوم ٹیکسٹائل، قالین، پلاسٹک اور جوتے وغیرہ شامل ہیں۔

انھوں نے دونوں ممالک کے مابین آزادانہ تجارت کے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا اور ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے زراعت، انفرااسٹرکچر، توانائی، سیاحت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فوائد سے آگاہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک حال ہی میں الیکشن کے عمل سے گزرے ہیں اور امید ظاہر کی کہ دونوں حکومتیں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریںگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں