زیریں سندھ یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

دن کا آغاز ملک کی ترقی وخوشحالی کیلیے دعائوں سے کیا گیا، مختلف شہروں میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں.


Nama Nigaran/Numainda Express August 15, 2012
مختلف شہروں میں پرچم کشائی کی تقریبات، قومی ترانہ اور ملی نغمے پیش کیے گئے (فوٹو : ایکسپریس)

ملک بھر کی طرح زیریں سندھ میں بھی جشن یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا ، دن کا آغاز ملک کی ترقی وخوشحالی کیلیے دعائوں سے کیا گیا، مختلف شہروں میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں، بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے جبکہ نوجوانوں نے ریلیاں نکالیں۔ جشن آزادی کے موقع پر ضلع انتظامیہ حیدرآباد کی جانب سے ضلع ناظم سیکریٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔جس میں ڈویژنل کمشنر احمد بخش ناریجو، ڈپٹی کمشنر آغا شاہنواز بابر اور ایس ایس پی پیر فرید جان سرہندی اور دیگر نے شرکت کی، اس موقع پر پولیس کے دستوں نے گارڈ آف آنر اور قومی ترانہ پیش کیا۔

تقریب میں حیدرآبادکے مختلف سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلبہ نے ٹبیلوز اور قومی گیت پیش کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے احمد بخش ناریجو نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا اور ہم خوش نصیب ہیں کہ ایک آزاد اور خود مختار ملک کے باشندے ہیں ، ڈپٹی کمشنر آغا شاہنواز بابر نے کہا کہ اس دن کومنانے سے ہم خود کو آزاد اور خود مختار محسوس کرتے ہیں۔ تقریب میں بہترین کارکردگی پر طلبہ، افسروں اور مختلف بینڈ کیلیے انعامات کا اعلان بھی کیا گیا بعدازاںآغا شاہنواز نے حیدرآباد جیل کا دورہ کیا اور قیدیوں میں تحائف تقسیم کیے۔

سول اسپتال حیدرآباد میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد قریشی نے دیگر اسٹاف کے ہمراہ پرچم کشائی کی، ایم ایس نے زیر علاج بچوں میں تحائف تقیسم کیے۔ علاوہ ازیںمسلم لیگ نون،واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبریونین، پیپلزہاری کمیٹی، سنی تحریک، مجلس عمل اہلسنت وجماعت، پاکستان والمیک سماج اور دیگر سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں نے ریلیاں نکالیں پاکستان کی حمایت میں نعرے لگائے، مقررین نے اپنے خطاب میں وطن عزیز کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا عہد کیا۔

مسیحی رہنمابشپ کلیم جان اورسینٹرچرچ آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری عمران گل نے ایک بیان میںہم وطنوں کو آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے وفادار ہیں اور ہمیشہ رہیںگے۔ علاوہ ازیں زیر سندھ کے دوسرے شہروں مٹیاری، ٹھٹھہ، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیار، سانگھڑ، بدین، مٹھی، ڈگری، میرپورخاص ودیگر میں بھی جشن آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ پرچم کشائی کی تقاریب ہوئیں، بچوں نے ملی نغمے اور قومی ترانے پیش کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں