وزیر اعلیٰ سندھ کو اس بار کافی حد تک فری ہینڈ کی یقین دہانی

مقصد سندھ حکومت کی پہلے کے مقابلے میں زیادہ بہتر کارکردگی دکھانا ہے، قیادت کو بھی مراد علی شاہ سے زیادہ توقعات ہیں۔


عبدالرزاق ابڑو August 22, 2018
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول نے پہلی مرتبہ عملی پارلیمانی سیاست کا آغاز کیا ہے، ان کی زیادہ توجہ سندھ پر مرکوز رہے گی۔ فوٹو : فائل

عام انتخابات کے بعد تبدیل شدہ سیاسی صورتحال میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اس مرتبہ انہیں کافی حد تک انتظامی طور پر فیصلے کرنے کی آزادی ہوگی۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں فیصلہ سازی میں فری ہینڈ حاصل ہوگا تاکہ گزشتہ دور کے مقابلے میں اس مرتبہ حکومت سندھ زیادہ بہتر طریقے سے کارکردگی دکھا سکے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے بتائی جا رہی ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پہلی مرتبہ عملی طور پارلیمانی سیاست کا آغاز کیا ہے۔

متوقع طور پر بلاول بھٹو زرداری کی زیادہ توجہ خاص طور پر سندھ پر مرکوز رہے گی اور اس وجہ سے اس مرتبہ وزیر اعلیٰ سندھ کو اپنے نوجوان سربراہ بلاول بھٹو زرداری کا زیادہ تعاون بھی حاصل رہے گا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت کو بھی اس مرتبہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے زیادہ توقعات رہیں گی کیونکہ انہی توقعات کی بنیاد پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے انہیں دوسری مرتبہ وزیراعلیٰ سندھ منتخب کرایا ہے۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے گزشتہ عام انتخابات کے انعقاد سے قبل ہی سید مراد علی شاہ کی آئندہ وزیراعلیٰ سندھ کے طور پر نامزدگی کردی تھی۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ کی تشکیل کے سلسلے میں بھی وزیر اعلیٰ سندھ کو بلاول بھٹو زرداری کا تعاون حاصل ہے، یہی وجہ ہے کہ پہلے مرحلے میں کی گئی سندھ کابینہ کی تشکیل انتہائی محتاط انداز میں کی گئی ہے اور کابینہ کے ارکان کا انتخاب بہت سوچ سجھ کر کیا گیا۔

واضح رہے کہ ابتدائی طور پر 8 وزرا اور 2مشیروں کو صوبائی کابینہ کا حصہ بنایا گیا ہے، سندھ کابینہ کا دوسرا مرحلہ عید کے بعد طے کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ دوسرے مرحلے میں کچھ پرانے چہروں کو ان کی اہمیت کے پیش نظر دوبارہ کابینہ میں شامل کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں