خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

عید قربان کیلئے بیل خریدنا

ثمینہ احمد، راولپنڈی

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کالج سے واپس آتی ہوں تو دیکھتی ہوں کہ گھر کے صحن میں ایک صحت مند بیل بندھا ہے اور سارے گھر والے اس کے گرد جمع ہیں۔ میں حیران ہو کر پوچھتی ہوں کہ ابھی تو عید قربان بہت دور ہے تو پھر یہ بیل کیوں لے لیا ۔ اس پر میرے والد خوشی سے بتاتے ہیں کہ ان کو یہ بہت سستا ملا ہے، اس لئے انہوں نے خرید لیا۔ سارے گھر والے بہت خوش ہو رہے ہوتے ہیں اور مستقبل کے لئے کوئی منصوبہ بندی کر رہے ہوتے ہیں کہ اب اگلی دفعہ ہم کو کچھ بھی نہیں لینا پڑے گا اور اس کی دیکھ بھال کریں گے تو یہ اچھا تندرست بھی رہے گا جبکہ وہ پہلے ہی سے کافی صحت مند ہوتا ہے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو دلیل کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے جاہ وجلال میں اضافہ ہو گا۔آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ رزق کی فراوانی اور کاروبار میں برکت کو ظاہر کرتا ہے ۔ دولت کے حصول میں آسانیاں ہوں گی جس سے آپ کے مال و وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

شادی اور رخصتی

ناصرہ خان، لیہ

خواب: میں نے دیکھا کہ میری شادی ہو رہی ہے۔ گھر میں خوب ہنگامہ ہوتا ہے اور میرے سارے کزنز و رشتہ دار سب موجود ہوتے ہیں ۔ گھر میں کافی رونق ہوتی ہے۔ پھر نکاح کے لئے سب گھر کے مرد اندر آتے ہیں اور مجھ سے نکاح نامے پر دستخط کرواتے ہیں۔ اس کے بعد رخصتی ہو جاتی ہے اور میں گاڑی میں سوار ہو کر اپنے سسرال چلی جاتی ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی غم یا خوف کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اللہ نہ کرے آپ بیمار بھی ہو سکتی ہیں ۔ گھر میں رکاوٹ یا بندش بھی ہو سکتی ہے۔ اس طرح کاروبار میں کوئی کمی یا نقصان کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں۔ آپ کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں۔

ہوا میں اڑنا

حسن علی، سرگودھا

خواب : میں نے دیکھا کہ میں رات اپنی چھت پہ سو رہا ہوتا ہوں پھر مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں آسمان کی طرف اڑ رہا ہوں اور اپنے آپ کو ایسا نظر آتا ہوں کہ جیسے اس دنیا کی بجائے نہ جانے کسی اوپر والے جہاں میں سفر کر رہا ہوں ۔ میں نیچے دیکھنے کی کوشش کرتا ہوں تو مکانات اور دیگر اشیاء بہت چھوٹی نظر آتی ہیں۔ میں فضا سے پھر نیچے آنا شروع ہو جاتا ہوں تو دوبارہ اپنے گھر کی چھت پہ ہوتا ہوں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے درجات میں بلندی آئے گی اور رزق میں اضافہ بھی ہو گا جس سے مال اور وسائل میں برکت ہو گی۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔

زلزلے سے خوفزدہ ہونا

ارم خان،کوٹ ادو

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے ایک دوست کے گھر میں ہوں ۔ میری ایک دوست کی سالگرہ کا فنکشن ہے اور میری تمام سہیلیاں اس کے گھر میں موجود ہیں۔ اچانک مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میری کرسی ہل رہی ہے۔ میں اپنی دوسری دوست کی طرف دیکھتی ہوں تو وہ کہتی ہے کہ زلزلہ آرہا ہے۔ اس پر ہمارے گروپ کی ایک دو لڑکیاں جو زلزلے سے بہت خوف زدہ ہوتی ہیں چیخنا شروع کر دیتی ہیں اور باہر کی طرف بھاگتی ہیں۔ میں بھی باقی سب دوستوں کے ساتھ باہر کی طرف لپکتی ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔

تعبیر:۔ اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا مشکل کا اچانک سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کسی اچانک بیماری کو بھی دلیل کر سکتا ہے جس سے ناگہانی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں اور کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں۔

شوہر تحفہ دیتے ہیں

ناہید اختر، گوجرانوالہ

خواب؛۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے سسرال میں ہوں اور کچھ دن گزارنے اپنی امی کے گھر جانے والی ہوں جب شام کو میرے میاں گھر آتے ہیں تو میرا سامان پیک دیکھ کر ایک لفافہ مجھے دیتے ہیں ۔ میں جلدی میں اس کو کھول کر نہیں دیکھتی بلکہ سامان میں رکھ دیتی ہوں اور جب امی کے گھر ایک دن میری نظر اس پر پڑتی ہے تو میں کھول کر دیکھتی ہوں تو اس میں سونے کی ایک انگوٹھی ہوتی ہے ۔ میں اسے دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں اور اپنے میاں کو فون کرکے ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی و فضل سے آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہوگا ۔ جس سے گھر میں آرام و سکون کی فراوانی ہوگی۔ اس سے کاروبار میں برکت بھی مراد ہو سکتی ہے۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد بھی کیا کریں۔ رات کو سونے سے قبل نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا کریں ۔

ڈوبتا سورج

محمد جمیل، نارووال

خوا ب ؛ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی فیملی کے ساتھ اپنے گاؤں چھٹیا ں گزارنے گیا ہوا ہوں اور ایک دن میں اپنے کزنز کے ساتھ کھیتوں میں سیر کو جاتا ہوں، وہاں ہم تقریباً پورا دن گزارتے ہیں اور کھاتے پیتے مزے کرتے ہیں ۔ پھر میرے کزنز وہیں موجود ڈیرے پر چارپائیوں پر نیم دراز باتیں کرنے لگ جاتے ہیں۔ میں ذرا چلتا ہوا آگے کھیتوں کی طرف جاتا ہوں، وہاں میری نظر سورج ڈوبنے کے منظر پر پڑتی ہے ۔ مجھے یوں لگتا ہے کہ جیسے اس کی روشنی مدھم ہو رہی ہو ۔ مجھے یہ اپنا وہم لگتا ہے اور میں غور سے دیکھتا ہوں مگر واقعی سورج آہستہ آہستہ نیچے کی طرف جا رہا ہوتا ہے اور اس کی تمازت تیزی سے ختم ہو رہی ہوتی ہے۔ یہ دیکھ کر میں ڈیرے کی طرف بھاگتا ہوں کہ اپنے کزنز کو بلاؤں ، مگر اس کے ساتھ ہی میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی ناگہانی مصیبت یا پریشانی آسکتی ہے یا مالی طور پر مفلسی کا دورہ ہو سکتا ہے۔ کاروبار میں نقصان کا بھی احتمال ہے۔ اگر ملازمت ہے تو اس میں بھی مسائل کا سامنا درپیش ہو سکتا ہے۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں اور صدقہ و خیرات لازمی کریں۔

سفید بستر

محمد رضوان، قصور

خواب: میں نے دیکھا کہ میں شام کو دفتر سے گھر آتا ہوں تو میرا کمرہ کافی صاف ستھرا ہوتا ہے ۔کافی چیزوں کی سیٹنگ تبدیل کی گئی ہوتی ہے ۔ میں دل میں سوچتا ہوں کہ شائد امی نے اس کمرے کی خاص تفصیلی صفائی کرائی ہے ۔ سب سے زیادہ مختلف مجھے اپنا بستر لگتا ہے جو کہ بالکل سفید ہوتا ہے کیونکہ ہمارے گھر میں زیادہ تر بستروں پر رنگدار چادریں استمال ہوتی ہیں ۔ سفید رنگ کا بستر مجھے بھی کافی اچھا لگتا ہے اور میں اس پر لیٹ جاتا ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ یہ خواب اچھا ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے گھریلو یا کاروباری معاملات میں آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہوگا۔ حتی کہ خاندان میں بھی نیک نامی بڑھے گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

کالج میں تقریب

فاطمہ ، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہمارے کالج میںکوئی فنکشن ہو رہا ہے جس میں لوگ اسٹیج پہ بلا کے باقی لوگوں کو مجبور کر رہے ہوتے ہیں کہ وہ بھی کچھ پڑھیں یا گائیں ۔ جب میری سہیلیاں میرا نام پکارتی ہیں تو میں وہاں جا کر اونچی آواز میں قرآن پاک کی تلاوت شروع کردیتی ہوں۔ کیونکہ میری آواز کافی اچھی ہے (میں گھر میں بھی نعت خوانی کرتی رہتی ہوں) اس وقت سبھی لوگ میری تعریف کرتے ہیں اور میری ٹیچر باقاعدہ مجھے بلا کر مبارک دیتی ہیں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ برائے مہربانی مجھے اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر:۔ بہت اچھا خواب ہے جو اس بات کو دلیل کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ نیکی کی طرف مائل ہوں گی اور قرآن پاک کی تلاوت کا شوق بھی رہے گا۔ یہ بہت خوشی کی بات ہے کیونکہ اس سے دل کو سکون حاصل ہوگا۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور روزانہ سورۃ البقرہ کی تلاوت کریں چاہے چند آیات یا ایک صفحہ ہی پڑھیں مگر روزانہ اس کو معمول بنالیں۔ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

کسی کے گھر مشروب پینا

شاہینہ بی بی، شیخو پورہ

خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی کے گھر آئی ہوئی ہوں، بظاہر کسی جاننے والے کا نہیں لگتا، مگر وہاں کافی رشتے دار موجود ہوتے ہیں۔ میں ایک کمرے میں بیٹھی اپنی کچھ کزنز سے باتیں کر رہی ہوتی ہوں کہ جانے کیوں اٹھ کر ادھر ادھر گھومنے لگ جاتی ہوں۔ ایک کمرے میں ٹیبل پر کچھ گلاس پڑے ہوتے ہیں اور ساتھ مختلف قسم کے مشروبات۔ میں پانی کی بوتل اٹھا کر ایک انتہائی نازک اور مصفا گلاس میں پانی ڈال کر پیتی ہوں۔ پانی پینے کے بعد مجھے فرحت و تازگی کا احساس ہوتا ہے جیسے عام طور پر مشروبات پینے کے بعد ۔ اس کے بعد مجھے کچھ یاد نہیں کہ پھر کیا ہوا۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظا ہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے عمر میں برکت اور بیماری سے شفاء ہو گی، جس سے گھر میں آرام و سکون ملے گا، رزق میں اضافہ ہو گا جس سے یقینی طور پر کاروبار میں بھی برکت ہو گی۔ اللہ تعالیٰ مال و نعمت میں اضافہ فرمائیں گے۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اورکثرت سے یاشکور پڑھا کریں۔ کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔

کتابوں کا مطالعہ کرنا

صبا ، راولپنڈی

خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں بیٹھی پڑھ رہی ہوں۔ میری سٹڈی ٹیبل پر جہاں میں اپنی کتابیں رکھتی ہوں وہاں میری بہن کی بھی کچھ کتب پڑی ہوتی ہیں ۔ میں ایسے ہی ایک کتاب اٹھا کر اس کا مطالعہ شروع کردیتی ہوں۔ اس میں کافی دلچسپ باتیں لکھی ہوتی ہیں، خاص طور پر مذہبی، صوفیانہ اور روحانی موضوعات لکھے ہوتے ہیں۔ میں مزے سے اس کو پڑھتی ہوں اور دل میں سوچتی ہوں کہ آپی سے کہوں گی کہ اس طرح کی اور کتابیں بھی لے کر آئیں۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے علم میں اضافہ ہو گا اور اس علم سے آپ فائدہ بھی اٹھائیں گی۔ برے کاموں سے پرہیز ہو گا اور نیکی کی طرف ذہن رہے گا ۔ علم کی روشنی سے راہ نجات ہو گی۔ اس نور سے آپ خود کو اور دنیا کو روشن کرنے کی کوشش کریں گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا علیم کا وردکیا کریں ۔

شاپنگ کرنا

محمد حمید، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اور میری امی شاپنگ کرنے گئے ہوئے ہیں ، پارکنگ میں ایک افغانی قالین بیچ رہا ہوتا ہے۔ وہ قالین زبردستی ہم کو بیچنے کی کوشش کرتا ہے۔ میری امی تو ذوق و شوق سے اس سے بھاؤ تاؤ کرنے لگی ہوتی ہیں، مگر مجھے بہت کوفت ہو رہی ہوتی ہے۔ اس بھاؤ تاؤ کے دوران ایک نیا قالین کھلنے پر مجھے بھی پسند آجاتا ہے۔ میں بھی بھاؤ تاؤ کرنے لگ جاتا ہوں اور آخرکار ہم اپنی من چاہی قیمت پر اس کو خرید لیتے ہیں۔ پھر مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔

تعبیر :۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کاروبار یا ملازمت میں ترقی ہو گی۔ اس طرح کاروبار میں ایک مخلص یا ایماندار ساتھی بھی مل سکتا ہے۔ گھریلو معاملات میں بھی آرام و سکون ہو گا ۔ مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکور یا عزیز کا ورد بھی کیا کریں۔

کھانے سے دل اچاٹ ہونا

مہوش، کراچی

خواب : میں نے دیکھا کہ میں کالج سے جب واپس آتی ہوں تو دیکھتی ہوں کہ گھر والے سب نانی کے گھر گئے ہوئے ہیں۔ بھوک کی وجہ سے میں کھانا لینے باورچی خانے میں جاتی ہوں تو دیکھتی ہوں کہ امی نے کھانا میز پر سجا کر رکھا ہوتا ہے۔ میں سکون کا سانس لے کر کھانے بیٹھتی ہوں تو دیکھتی ہوں کہ روٹی تو کل کی بنی ہوئی ہے، تازہ نہیں ہے، کافی سوکھی ہوتی ہے اور سخت بھی۔ میرا دل کھانے سے اچاٹ ہو جاتا ہے اور میں واپس اپنے کمرے میں آجاتی ہوں۔

تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا مصیبت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ گھر میں کوئی بیماری یا لاچار گی کے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔ مالی پریشانی بھی مراد ہو سکتی ہے جس سے مال اور وسائل میں کمی آسکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں۔

سہانا موسم

ارم خان، پشاور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کی چھت پر کھڑا موسم سے لطف اندوز ہو رہا ہوتا ہوں۔ میری چھت پر بہت سے رنگا رنگ پھول کھلے ہوئے ہیں اور آسمان کا رنگ مزید نیلا ہو جاتا ہے، یعنی بالکل ہی نیلا۔ مہربانی کر کے اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے مشکلات کا خاتمہ ہو گا اور آرام اور سکون کی زندگی نصیب ہو گی ۔ اللہ تعالیٰ رزق میں برکت عطاء فرمائیں گے اور مال و وسائل میں برکت ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا عزیز کا ورد بھی کیا کریں۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کردیں۔

آبائی گاؤں جانا

حنیفہ بی بی، پنڈی بھٹیاں

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی فیملی کے ساتھ چھٹیاں گزارنے اپنے آبائی گاؤں آئی ہوئی ہوں۔ عید قربان قریب ہونے کی وجہ سے گاؤں میں بھی لوگوں نے مختلف قسم کے جانور رکھے ہوئے ہیں۔ مجھے جانوروں سے بہت پیار ہے اور لاہور میں بھی میں نے کافی جانور پال رکھے ہیں۔ گاؤں میں ابو سے کہتی ہوں کہ ہمارے لئے بھی جانور ابھی سے لے آئیں۔ اس پر میرے ابو بھی ایک گائے خرید کر لے آتے ہیں۔ ا گلے منظر میں، میں خود کو اور اپنے کزنز کو اس گائے کے اردگرد پھرتے دیکھتی ہوں، وہ بہت پیاری ہوتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے جلد کوئی خوشخبری ملے گی۔ اس سے مراد شادی اورکاروبار میں ترقی بھی ہو سکتی ہے۔ اگر آپ شادی شدہ ہیں تو گھر میں سکون اور راحت ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

پرفضا مقام

رمشا ، حیدر آباد

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے سکول کے ٹرپ کے ساتھ بچوں کو لے کر کسی پر فضا مقام پر آئی ہوئی ہوں، لنچ کے لئے سب بچے جب ایک ہال نما کمرے میں جمع ہوتے ہیں تو میں اپنی ڈیوٹی کسی دوسری ٹیچر کو دے کر ذرا باہر گھومنے نکل جاتی ہوں۔ ایک پگڈنڈی سی بنی ہوتی ہے اور راستہ اوپر پہاڑ کی طرف جا رہا ہوتا ہے۔ میں مگن سی جا رہی ہوتی ہوں کہ اگلے حصے میں جو درخت ہوتے ہیں ان پر کافی تیز کانٹے دار جھاڑیاں لگی ہوتی ہیں جو کہ راستہ تنگ ہونے کی وجہ سے میرے کپڑوں میں لگ جاتے ہیں اور الگ کرتے وقت بہت سے کانٹے میرے ہاتھوں میں چبھ جاتے ہیں اور کافی جلن کے ساتھ تکلیف ہوتی ہے۔ واپسی کے لئے کوشش کرتی ہوں تو میرے کپڑے مزید الجھ جاتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا رنج و غم پیش آسکتا ہے۔ اسی سے بیماری بھی مراد ہو سکتی ہے۔ جس کی وجہ سے رنج و غم یا پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو بے وضو یا حفیظ یا عزیز کا ورد کیا کریں۔

والدہ نظر اتارتی ہیں

اسلم بھٹی،اوکاڑہ

خواب : میں نے دیکھا کہ میں چھٹیاں گزارنے گھر آیا ہوا ہوں اور تقریباً ہفتہ بھر گھر والوں کے ساتھ گزار کر اگلے روز واپس جانے والا ہوں۔ سوتے ہوئے دیکھتا ہوں کہ میری امی ایک لفافہ سا لے کر کمرے میں آتی ہیں اور میرے اوپر سے وار کر ساتھ کھڑی ملازمہ کو دے دیتی ہیں ۔ واضح رہے کہ میری والدہ حیات نہیں ہیں ۔ یہ خواب دیکھ کر میری آنکھ کھل گئی اور میں دوبارہ نہیں سو سکا ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے غم اور پریشانی ہے نجات ملے گی۔ قرض کی ادائیگی کی بھی بہتر سبیل ہو سکتی ہے۔ اگر گھر میں کوئی بیمار ہے تو اس کو شفاء ملے گی ۔ کاروبار میں اضافہ ہو گا جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی اور اس سے گھر کا ماحول بھی بہتر ہو گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ اپنی والدہ کی مغفرت وبلند درجات کے لئے فاتحہ پڑھیں یا ان کے نام کا درخت لگائیں ۔

بڑے ہوٹل میں گندگی

راحیلہ امین، فیصل آباد

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی کالج کی سہیلیوں کے ساتھ امتحان میں کامیابی کو سیلیبریٹ کرنے ایک مشہور ہوٹل میں جاتی ہوں ۔ کچھ دیر بعد میں واش روم میں جاتی ہوں تو حیران ہو جاتی ہوں کہ اتنے بڑے ہوٹل کا واش روم اتنا غلیظ اور گندگی سے بھرا ہوا ہوتا ہے۔ کسی نے استعمال کرنے کے بعد گندگی صاف کرنے کی زحمت نہ کی تھی ۔ یہ دیکھ میرا دل بہت خراب ہوتا ہے۔ اس کے بعد مجھے آگے خواب یاد نہیں ۔

تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دھیان صرف اور صرف دنیا داری کی طرف مرکوز ہے۔ مال ودولت کے ضائع ہونے کا خطرہ ہے اور اس بات کا بھی اشار ہ ہے کہ آپ کا دھیان اور توجہ صرف دولت کمانے اور جمع کرنے کی طرف ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کریں۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں