روزانہ 40 سگریٹ پینے والا تین سالہ بچہ

بچے کو سگریٹ نہ ملے تو بہت شور شرابہ کرتا ہے، اس کی عادت کے آگے والدین بے بس ہیں


ویب ڈیسک August 28, 2018
بچے کی ویڈیوز وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے والدین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے (فوٹو: اوڈٹی سینٹرل)

تمباکو نوشی کی بری عادت اگرچہ کم عمری میں بھی لاحق ہوسکتی ہے لیکن انڈونیشیا کا تین سال کا بچہ نہ صرف اس قبیح عادت کا شکار ہے بلکہ وہ روزانہ 40 کے قریب سگریٹ پھونک دیتا ہے اور اس کے والدین بے بس ہیں۔

انڈونیشیا کے رہائشی بچے 'راپی پامونگ کاس' کی والدہ بازار میں ایک ٹھیلا لگاتی ہیں۔ تین سالہ بچے راپی نے وہاں بیٹھے بیٹھے سگریٹ کے گرے ہوئے ٹوٹوں کو اٹھا کر تمباکو نوشی کا آغاز کیا۔ پہلے پہل لوگوں نے اس کے لیے سگریٹ سلگائی اور اس کے بعد یہ سلسلہ چلتا رہا۔ اب حال یہ ہے کہ راپی سگریٹ کے بغیر نہیں رہ سکتا اور دن بھر میں 40 کے قریب سگریٹ پی جاتا ہے۔



راپی پاس سے گزرنے والے افراد سے سگریٹ مانگتا ہے جس پر بعض لوگ اسے سگریٹ دے دیتے ہیں اور بعض لوگ مذاق کے طور پر اس کے لیے سگریٹ بھی سلگا دیتے ہیں۔ اس بچے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جس پر لوگوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بچے کی والدہ مریاتی کہتی ہیں کہ ان کا بچہ روزانہ دو پیکٹ سگریٹ پھونک دیتا ہے اور اگر اسے سگریٹ نہ دی جائے تو وہ بہت شور مچاتا اور جھگڑتا ہے۔ اسی شور شرابے کی بنا پر راپی کی والدہ اسے روزانہ 40 سگریٹ دیتی ہیں۔ بچے کی عادت دو ماہ سے عروج پر پہنچ گئی ہے اور اب وہ اگر سگریٹ نہ پیے تو اسے نیند نہیں آتی۔

راپی کے والدین پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی جارہی ہے اور اب اس کی والدہ نے ڈاکٹر سے رجوع کیا ہے تاکہ اس بچے کو سگریٹ نوشی کے مسلسل عذاب سے بچایا جاسکے۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا میں تمباکو نوشی عروج پر ہے اور وہاں سگریٹ پینے والے بچوں کی تعداد بھی غیرمعمولی طور پر بہت زیادہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں