پنجاب کابینہ میں تخت لاہور سے 8 ارکان شامل

کپتان کو وزرا کی تعداد زیادہ کرنے کے بجائے کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت دینا ہوگی


Khalid Rasheed August 27, 2018
کپتان کو وزرا کی تعداد زیادہ کرنے کے بجائے کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت دینا ہوگی فوٹو: فائل

ملک میں تبدیلی کے نام پر جاری کھیل میں وفاق کے بعد صوبہ پنجاب میں بھی ''پارٹی بدل'' کھلاڑی ایم پی ایز کو صوبائی وزراء بنادیا گیا، اکثریت مشرف دور میں وزارتوں کے مزے لوٹنے والوں کی ہے۔

صوبہ کے 9 ڈویژنوں میں سے 2 ڈویژنوں کو یکسر نظر اندز کر دیا گیا، لاہور ڈویژن کے ایم پی ایزگاڑیوں پر جھنڈا لگانے کی دوڑ میں پہلے نمبر پر ، راولپنڈی ڈویژن نے دوسری اور فیصل آباد ڈویژن نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ صوبے کے 23 اضلاع کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے وہاں سے کسی بھی ایم پی اے کو وزیر نہیں بنایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں حکمران جماعت پی ٹی آئی نے ''فتح پنجاب '' کے بعد اس کے امور چلانے کیلیے نگینے منتخب کر لئے، ابتدائی طور پر 24 رکنی کابینہ میدان میں اتار دی ہے جو تخت لاہور میں مکمل طور پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے آئندہ 72 گھنٹوں میں حلف اٹھانے کے بعد ''کام'' پر لگ جائے گی ۔

پنجاب حکومت کی نئی کابنیہ میں مشروف دور اور ن لیگ کے دور کے وزراء کی تعداد زیادہ ہے ۔قابل ذکر امر یہ ہے کہ پنجاب کے دو ڈویژنون گوجرانوالہ اور ملتان سے کسی بھی ایم پی اے کو وزیر نہیں بنایا گیا ہے، اسی طرح پنجاب کے 23 اضلاع جن میں گوجرانوالہ،گجرات، سیالکوٹ، ناروال، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین،ملتان ، وہاڑی، خانیوال، لودھران، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، اوکاڑہ، پاکپتن، چینیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، بھکر، جہلم، ڈی جی خان، لیہ، مظفر گڑھ اور بہاونگر شامل ہیں میں سے صوبائی کابینہ میں نمائندگی نہیں دی گئی ہے ان میں اکثر اضلاع میں مسلم لیگ ن نے کلین سویپ کیا تھا، دوسری جانب لاہور ڈویژن سے 8 شخصیات کو پنجاب کابینہ میں شامل کیا گیا ہے جن میں سے لاہور شہر سے صرف 6 ہیں ان میں سے 4 براہ راست جیت کر اسمبلی میں آئے ہیں جبکہ ایک مخصوص نشست پر اسمبلی کی زینت بنی ہیں تاہم ایک پرائیوٹ شخص کو مشیر وزیر اعلی بنا کے کابنیہ میں شامل کیا گیا ہے، اور قصور سے دو ممبران اسمبلی کو وزیر بنایا گیا ہے۔

کابینہ میں نمائندگی پر دوسرے نمبر پر آنے والے راولپنڈی ڈویژن میں سے 6 وزراء ہونگے جن میں سے 3 کا تعلق راولپنڈی،2 کا چکوال اور ایک کا اٹک سے ہے، تیسرے نمبر پر کابینہ میں جگہ لینے والے فیصل آباد ڈویژن سے 3 وزراء ہے جن میں سے 2 کا تعلق فیصل آباد اور ایک کا جھنگ سے ہے، سرگودھا ، ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویژنوں سے 2، 2، جبکہ ساہیوال ڈویژن سے ایک صوبائی وزیر لیا گیا ہے۔ ذرائع کہتے ہیں کہ آئندہ چند ماہ تک کابینہ میں توسیع متوقع ہے اور باقی رہ جانے والے اضلاع میں سے بھی وزراء کو لیا جائیگا۔سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ کپتان کو تخت لاہور پر فتح کا جھنڈا گاڑنے کے بعد لاہور شہر سے وزراء کی تعداد زیادہ کرنے کی بجائے کھلاڑیوں کو ٹھندے مزاج سے کھیلنے کی اجازت دینا ہو گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں