الیکشن کمیشن نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دے دی

ووٹر 14 اکتوبر کو ضمنی انتخابات میں اپنے پاسپورٹ کے ذریعے ووٹ ڈال سکیں گے


APP/Numainda Express September 01, 2018
قومی کے11، صوبائی اسمبلیوں کے26 حلقوں میں سمندر پار پاکستانی ووٹ ڈال سکیں گے، تفصیلات ویب سائٹ پر موجود ہیں، ترجمان ندیم قاسم۔ فوٹو:فائل

لاہور: الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کی سہولت دے دی۔

ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ ندیم قاسم نے بتایا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کی آن لائن رجسٹریشن یکم ستمبر سے15ستمبر رات 12بجے تک کی جائے گی۔ ووٹر ضمنی انتخابات میں اپنے پاسپورٹ کے ذریعے ووٹ ڈال سکیں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ ندیم قاسم نے بتایا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کی رجسٹریشن یکم ستمبر سے15ستمبر رات بارہ بجے تک کی جائے گی، رجسٹریشن کے بعد انتخابی فہرستیں ریٹرننگ افسران کو دی جائیں گی۔

ندیم قاسم نے بتایا کہ صرف رجسٹرڈ ووٹر ہی ووٹ کاسٹ کر سکیں گے، ووٹرز رجسٹریشن کا آن لائن سسٹم نادرا کی مدد سے کر رہے ہیں، ہم نئے سرے سے سمندر پار پاکستانیوں کو بطور ووٹر رجسٹرڈ کرنے نہیں جا رہے، مشین ریڈایبل پاسپورٹ اور نائیکوپ رکھنے والے سمندر پار پاکستانی ووٹر رجسٹرڈ ہیں، ووٹرز کو پاس کوڈ جاری کیا جائے گا۔ وہ سمندر پار پاکستانی جن کا تعلق ان حلقوں سے ہے جہاں ضمنی انتخاب منعقد ہونا ہے وہ مورخہ 14اکتوبر کو انٹرنیٹ کے ذریعے اپنا ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے 11اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں میں سمندر پار پاکستانی ووٹ ڈال سکیں گے، ووٹر کی سہولت کیلیے نادرا کی مدد سے ویڈیو بھی تیار کی گئی ہے، سمندر پار پاکستانیوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر بھی موجود ہیں۔ ووٹر ویب سائٹ پر چیک کر سکتے ہیں کہ کن حلقوں میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور وہ اپنے حلقوں میں آن لائن ووٹ ڈال سکتے ہیں، ووٹر اپنے پاسپورٹ کے ذریعے ووٹ ڈال سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار بتایا گیا ہے جس کے مطابق(1) انتخابات کے دن پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق پولنگ کے اوقات صبح 8 تا شام 5 بجے کے دوران ووٹر اپنا اکائونٹ استعمال کرتے ہوئے Log-in کرے گا اور ''ووٹ ڈالیے'' کے بٹن کو دبائے گا۔(2) '' ووٹ ڈالیے '' کے بٹن کو د بانے کے بعد مہیاد کردہ Voter Pass اور NICOP نمبر کے ذریعے اپنی متعلق قومی یا صوبائی اسمبلی کے حلقہ نمبر پر کلک کرے گا جس کے بعد الیکٹرانک بیلٹ پیپرسکرین پر نمودار ہوگا، ووٹر اپنی پسند کے امیدوار کے نام کے بٹن کو دبائے گا اور اس کے بعد کنفرم پر کلک کرے گا۔

پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق گزشتہ روز یکم ستمبر بروز جمعہ کی شب 12 بجے سے اگلے پندرہ دنوں تک کیلیے آن لائن اوورسیز رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جا چکا ہے اور ضمنی انتخابات کے متعلقہ الیکٹورل رول میں پہلے سے اندراج شدہ اوور سیز پاکستانی اپنے آپ کو Online Voting کیلیے رجسٹرڈ کروائیں گے۔

انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے ووٹر ہونے کی تصدیق کروانے کے لیے اس پتے پر کلک کیا جا سکتا ہے لیکن یہ سسٹم پاکستان میں مقامی وقت کے مطابق شب بارہ بجے سے فعال ہو گا۔ اس سلسلہ میں www.overseasvoting.gov.pk اور www.ecp.gov.pk ویب سائٹس سے مدد لی جا سکتی ہے۔ الیکشن کمیشن پابند ہے کہ وہ اس پائلٹ پراجیکٹ کو بروئے کار لائے۔ انھوں نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کو فول پروف بنانے کیلیے اقدامات کئے گئے ہیں تاہم آئی ووٹنگ کی شفافیت متنازع نہ ہوئی تو اسے نتائج کا حصہ بنائیںگے۔

انھوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ صرف پڑھے لکھے تارکین وطن ووٹ ڈال سکیں گے، ہم اس سسٹم کو عام فہم بنا رہے ہیں تاکہ تمام تارکین وطن اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکے، ووٹر کی سہولت کیلیے اہلیتی طریقہ کار اور دیگر شرائط کو اردو اور انگریزی زبان میں درج بالا ویب سائٹس پر جاری کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں