سابق اولمپئنز نے فیڈریشن کیخلاف طبل جنگ بجا دیا

لاہوراوراسلام آباد میں پریس کانفرنسزسے حکام کی من مانیوں کو بے نقاب کیا جائے گا


Mian Asghar Saleemi September 02, 2018
لاہوراوراسلام آباد میں پریس کانفرنسزسے حکام کی من مانیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ فوٹو:فائل

ایشین گیمز میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سابق اولمپئنز نے طبل جنگ بجا دیا۔

ایشین گیمز میں گرین شرٹس کی شرمناک کارکردگی نے سابق اولیمپئنز کا سیخ پا کردیا اورانھوں نے فیڈریشن عہدیداروں کے خلاف علم بغاوت بلند کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے ملنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 3ستمبر کو قومی ہاکی ٹیم کے سابق چیف کوچ خواجہ جنید،خالد بشیر، دانش کلیم سمیت سابق متعدد اولمپئنز لاہورمیں پریس کانفرنس کریں گے، بعد ازاں صدارتی الیکشن کے فوری بعد ملک بھر کے سابق اولمپئنز اسلام آباد میں اکٹھے ہوں گے اور وزیر اعظم عمران خان جو پی ایچ ایف کی پیٹرن انچیف بھی ہیں، ان سے ملاقات کر کے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں ہونے والی مبینہ بے قاعدگیوں اور کرپشن کے بارے میں آگاہ کیا جائیگا۔

اس سلسلے میں پاکستان بھر سے سابق اولمپئنز، ٹیکنیکل آفیشلز، سابق نیشنل و انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے آپس میں رابطے بھی تیزکردیے ہیں۔ سابق کھلاڑیوں کا وفد ملاقات کے دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن میں ہونے والی بے ضابطگیوں، خلاف آئین اقدامات، غیرضروری اور بلاجواز دوروں کی آڑ میں من پسند افراد کو جوائے ٹرپس پر بھیجنے سے متعلق مضبوط شواہد پر مبنی رپورٹ مرتب کرکے وزیر اعظم پاکستان کو پیش کرے گا۔

وفد وزیر اعظم کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ملنے والی گرانٹس کے بے دریغ استعمال، ہاکی ٹیموں کی کارکردگی، غیرملکی دوروں اور کانگریس ممبران کی منظوری کے بغیر ایگزیکٹیو بورڈ ممبران کا تقرر اوران کے فیصلوں کی کانگریس میں غیر منظوری سمیت اسٹیٹمنٹ آف اکاؤنٹس کی کانگریس اجلاس میں غیرموجودگی ونامنظوری جیسے اہم آئینی نکات کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کریگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں