میر پور خاص ڈویژن طفانی ہواؤں نے تباہی مچا دی متعدد گاڑیاں صحرا میں پھنس گئیں

کچے وپختہ راستے بند، دیہی علاقوں کا شہروں سے زامینی رابطہ منقطع،مواصلات کا نظام درہم برہم، بجلی کے تار ٹوٹ گئے.


صحرائے تھر میں گاڑیوں کے پہیوں کے نشانات مٹنے سے متعدد جیپیں اورمسافر گاڑیاں بھٹک گئیں، شاہراہوں پر ریت کے ٹیلے. فوٹو : فائل

میرپورخاص ڈویژن کے مختلف صحرائی علاقوں میں آندھی اور تیز ہواؤں کے جھکڑوں نے تباہی مچا دی۔

متعدد کچے اور پختہ راستے ریت کی وجہ سے مکمل طور پر بند ہونے سے شہروں اور دیہی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا اور متعدد گاڑیاں صحرا میں پھنس کر رہ گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ضلع تھر پارکر کے علاقوں ڈیپلو، اسلام کوٹ، ننگرپارکر، علی بندر، بیراجی، نوکوٹ، کلوئی میں گرمی کا روز ٹوٹنے کے بعد گزشتہ دو روز سے طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں جس سے مواصلات کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا، کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ نوکوٹ سے ڈیپلو اسلام کوٹ مٹھی کلوئی میں شدید آندھی کی وجہ سے گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔

صحرائے تھر کے کچے راستوں میں گاڑیوں کے پہیوں سے بننے والے نشانات بھی مٹ چکے ہیں اور متعدد جیپیں اور مسافر گاڑیاں (کیکڑے) اپنے راستوں سے بھٹک گئی ہیں۔ نوکوٹ سے ڈیپلو بدین سے مٹھی اور کھیت کاری سے مٹھی جانے والے شاہراہوں پر تیزہواؤں کے بعد ریت کے ٹیلے بن چکے ہیں اور سڑکوں پر گاڑیاں جن میں کار یں، مسافر بسیں اور ویگنیں شامل ہیں۔



پھنس جانے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے سے بجلی کے ہائی ٹینشن تار ٹکرانے سے مٹھی اسلام کوٹ ننگرپارکر، ڈیپلو اور نوکوٹ کے مرکزی فیڈرز بار بار ٹرپ کر جاتے ہیں جبکہ 11 کے وی کے تار ٹوٹنے سے مٹھی میں گھنٹوں سے زائد بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ گرد و غبار کے طوفان کے باعث ان علاقوں میں کاروبار زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

سیکڑوں جھونپڑیوں اور کچے مکانات کی چھتیں اُڑ گئیں اور جھونپڑیوں میں آتشزدگی کے واقعات بھی بڑھ گئے ہیں۔ دوسری جانب بیراجی علاقوں میں آندھی اور طوفانی ہواؤں سے مرچ،کپاس اور دیگر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ میرپورخاص ضلع، عمرکوٹ، سانگھڑ میں گرم اور تیز ہوائیں چلنے سے آم کی فصل کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ ادھر ضلع بدین یک ساحلی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے جبکہ آم کے باغات اور فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں