پی پی کا ن لیگ فنکشنل اور تحریک انصاف سے بھی رابطے کا فیصلہ

مفاہمتی عمل آگے بڑھانے کیلیے قائم علی شاہ اور اویس مظفر کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا


G M Jamali May 28, 2013
مفاہمتی عمل آگے بڑھانے کیلیے قائم علی شاہ اور اویس مظفر کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا فوٹو: فائل

KARACHI: پیپلز پارٹی نے صوبے میں مفاہمتی عمل کو بڑھانے کے لیے ایم کیو ایم ، مسلم لیگ (ن) ، فنکشنل مسلم لیگ اور تحریک انصاف سے بھی رابطوں کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس ضمن میں مختلف رہنماؤں کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے تمام رہنماؤں کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ ملک کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر کنفرنٹیشن کی سیاست سے گریز کیا جائے اور مفاہمت کی پالیسی کو مزید آگے بڑھایا جائے۔ پیپلز پارٹی نے بدترین دھاندلیوں کے باوجود انتخابی نتائج جمہوریت کے خاطر قبول کیے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل جل کر عوام کی خدمت کریں تاکہ چور دروازے سے اقتدار پر قبضہ کرنے والوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے اور ملک میں جمہوریت کو پروان چڑھایا جاسکے ۔



ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم ، مسلم لیگ (ن) ، فنکشنل مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطے کے لیے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سید قائم علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے اہم رہنما سید اویس مظفر کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پیپلز پارٹی کے تمام اہم رہنماؤں ، نو منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس آج شام چار بجے بلاول ہاؤس میں طلب کرلیا گیا ہے ۔

جس میں آئندہ سندھ حکومت کے لیے وزیراعلیٰ ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کے ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی جبکہ سندھ کابینہ کے ارکان کے ناموں کا حتمی فیصلہ 30 مئی کے بعد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مذکورہ سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے حوالے سے بھی اہم رہنماؤں کو آگہی دی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں