نئی حکومت’’وزیراعظم روزگار پروگرام برائے عوام‘‘ شروع کریگی

ناخواندہ افراد کوچھوٹا کاروبارشروع کرنے کیلیے 50 ہزار سے3لاکھ روپے قرضہ دیاجائے گا


عامر خان June 01, 2013
ناخواندہ افراد کوچھوٹا کاروبارشروع کرنے کیلیے 50 ہزار سے3لاکھ روپے قرضہ دیاجائے گا فوٹو: فائل

PESHAWAR: مسلم لیگ (ن) کی قائم ہونے والی نئی وفاقی حکومت نے اپنے پہلے مالی سال کے بجٹ میں ملک سے بیروزگاری کے خاتمے کیلیے وزیرا عظم روزگارپروگرام برائے عوام شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے۔

پروگرام کے تحت خواندہ اور ناخواندہ افراد کو اپنا کاروبار خود شروع کرنے کیلیے آسان شرائط پر قرضے دیے جائیں گے۔مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے اپنی اقتصادی ٹیم سے ملک میں بیروزگاری کو کم کرنے کیلیے طویل صلاح مشورے کیے ہیں اوراس مشاورتی عمل میں ان کوتجویز دی گئی ہے کہ وفاق میں حکومت سازی کامرحلہ مکمل ہونے کے بعدملک بھر میں روزگار پروگرام شروع کیاجائے ۔ذرائع نے بتایا کہ وفاق میں حکومت قائم ہونے کے بعدوزیر اعظم روزگار پروگرام برائے عوام شروع کیا جائے گا۔ناخواندہ افراد کو چھوٹے پیمانے پر کاروبارشروع کرنے کیلیے 50ہزار سے 3لاکھ روپے جبکہ خواندہ افراد(میٹرک سے ماسٹرز) کو کاروبارشروع کرنے کیلیے ایک لاکھ سے 5لاکھ روپے تک قرضے دیے جائیں گے ۔



ذرائع نے بتایا کہ روزگار پروگرام کو کامیاب طریقے سے چلانے کیلیے وفاقی اور صوبائی سطح پر روزگار پروگرام اتھارٹی قائم کی جائے گی۔اس اتھارٹی کا مرکزی دفتر اسلام آباد میں ہوگاجبکہ صوبائی دفاترچاروں صوبوں کے دارالحکومت میں قائم کیے جائیں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ روزگار پروگرام کامقصد خود انحصاری ہے اورپروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 5لاکھ افراد کو قرضوں کو اجراکیا جائے گا اور قرضوں کے اجرامکمل کمپیوٹرائزڈ ہوگا اور میرٹ کے مطابق قرضوں کا اجراکیا جائے گا اور حکومت کی پہلی ترجیح ہنر مند افراد کو قرضوں کی فراہمی ہوگی ،قرضوں کی واپسی کا عمل اجراکے 6ماہ بعد آسان شرائط پر ہوگا اوراس پر شرح سود انتہائی کم رکھی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں