سویڈن کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلیے تیار ہیں

 مختلف شعبوں سویڈن کی ٹیکنالوجی اور خدمات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، احمد حسین وایو


APP September 17, 2018
مختلف شعبوں سویڈن کی ٹیکنالوجی اور خدمات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، احمد حسین وایو

سویڈن میں پاکستان کے سفیر احمد حسین وایو نے کہا ہے کہ پاکستان کو ویلیو ایڈیشن کے شعبے میں آگے بڑھنے کے لیے سویڈن کی ٹیکنالوجی سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

وہ سویڈن کے دورے پر آئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے 10 رکنی وفد سے ملاقات کر رہے تھے ۔ انھوں نے کہا کہ سویڈن کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں ، اس سلسلے میں پاکستان کا سفارتخانہ انھیں ہر ممکن سہولتیں مہیا کر رہا ہے۔ ان کی ترجیح ہے کہ سویڈن کے ساتھ درمیانے درجے کے مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں تاکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے پاکستان میں نئے اور ویلیو ایڈیشن کے منافع بخش دور کا آغاز کیا جا سکے۔

انھوں نے مزید کہا کہ فیصل آبادکو ٹیکسٹائل کی برآمدات میں اہم حیثیت حاصل ہے لیکن اس شعبے میں بھی جدت کے لیے سویڈن کی ٹیکنالوجی اور خدمات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ وفد کی قیادت کرتے ہوئے سینئر نائب صدر شیخ فاروق یوسف نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل کی برآمدات میں فیصل آباد کا حصہ60 فیصد سے بھی زیادہ ہے جبکہ ان مصنوعات کی کوالٹی میں مزید بہتری لا کر برآمدات میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

انھوں نے پاکستانی سفیر سے کہا کہ وہ سویڈن کے ٹیکسٹائل درآمد کنندگان سے ان کے رابطوں کو مستحکم بنانے کے علاوہ وہاں کے نئے رجحانات کے بارے میں ضروری معلومات مہیا کریں تاکہ ان کی ضروریات کے مطابق گارمنٹس اور فیشن گارمنٹس کی برآمدات کی راہیں بھی کھولی جا سکیں۔ شیخ فاروق یوسف نے پاکستانی سفیرکو فیصل آباد چیمبر کی اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔ اس موقع پر پاکستانی سفارتخانہ کے فرسٹ سیکریٹری محمد عرفان، کمرشل قونصلر مسز صائمہ صبا اور کمرشل اسسٹنٹ مسز شہبانہ خلیل بھی موجود تھیں ۔

بعد میں فیصل آباد چیمبر کے وفد نے بورس کے سویڈش اسکول آف ٹیکسٹائل میں ہونے والے ٹیکسٹائل سیمینار میں بھی شرکت کی۔ انھوں نے سویڈن کی ٹیکنالوجی کو سراہا اور کہا کہ اس سے پاکستانی مصنوعات کی کوالٹی میں اضافہ کر کے موجودہ برآمدات سے ہی کئی گنا منافع کمایا جا سکتا ہے۔ انھوں نے نارڈک پاکستانی فورم سویڈن کے چیئرمین ندیم طاہر اور مارکیٹ پلس بورس کے چیف ایگزیکٹو پائرے دوزنگرن کو بھی فیصل آباد چیمبر کی شیلڈیں پیش کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں