پاکستان اوپن اسکواش کا 28نومبر سے کراچی میں آغاز

مینز اور ویمنز چیمپئن شپ میں غیرملکی پلیئرز ایک دہائی بعد کراچی کا رخ کریں گے


Zubair Nazeer Khan September 21, 2018
مینز کی انعامی رقم 50 ہزار ڈالرز، ویمنز ایونٹ کی انعامی رقم 20 ہزار ڈالر ہوگی۔ فوٹو : فائل

لاہور: ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے رواں سال کراچی میں کھیلی جانے والی پاکستان اوپن اسکواش چیمپئن شپ کو رجسٹریشن جاری کردی، ایک دہائی کے بعد غیرملکی اسکواش کھلاڑی کراچی آئیں گے۔

پاکستان اوپن اسکواش چیمپئن شپ 28 نومبر سے کراچی میں شروع ہورہی ہے، پاکستان اسکواش فیڈریشن کے تحت 2 دسمبر تک شیڈول چیمپئن شپ پاکستان نیوی کے جہانگیر خان، روشن خان اسکواش کمپلیکس پر کھیلی جائے گی۔

قومی فیڈریشن کے سیکریٹری گروپ کیپٹن طاہر سلطان نے نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ اسکواش فیڈریشن کی جانب سے چیمپئن شپ کے لیے رجسٹریشن کا اجرا ہوگیا ہے، چیمپئن شپ میں اس سال مردوں کے ساتھ خواتین کا بھی ایونٹ شامل کیا گیا ہے، ان مقابلوں میں شرکت کے لیے دنیا کے بہترین غیرملکی کھلاڑی پاکستان کا رخ کریں گے، چیمپئن شپ میں مینز ایونٹ کی انعامی رقم 50 ہزار ڈالرز رکھی گئی ہے جبکہ ویمنز ایونٹ کی انعامی رقم 20 ہزار ڈالر ہوگی۔

گزشتہ برس پاکستان اوپن اسکواش چیمپئن شپ کا انعقاد اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس میں ہوا تھا، پی ایس اے کی طرف سے پاکستان پر عائد پابندی میں نرمی برتتے ہوئے غیرملکی کھلاڑیوں کو اسلام آباد آنے کی اجازت دی گئی تھی، اس طرح 10 برس کے بعد غیرملکی کھلاڑیوں نے پاکستان کا رخ کیا تھا اور 24 غیرملکی کھلاڑی چیمپئن شپ کے مین رائونڈ میں شریک ہوئے تھے۔

مصر کے کھلاڑی ماروان الشوربے نے اپنے ہم وطن محمد عبدالگوہر کو فائنل میں 3-1 سے شکست دے کر ٹائٹل پر قبضہ جمایا تھا، بعدازاں اپنے دور کے عظیم کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کی مسلسل اورانتھک کوششوں کے نتیجے میں پی ایس اے نے اپنے ارکان کھلاڑیوں پر کراچی کا سفر نہ کرنے کی عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا، اس کے بعد جہانگیر خٰان کی کاوشوں کے سبب عالمی اسکواش فیڈریشن نے امسال پاکستان اوپن کی کراچی کو میزبانی تفویض کی ہے، تاہم عالمی فیڈریشن نے چیمپئن شپ میں ویمنز ایونٹ شامل کرنے پر بھی اصرار کیا جسے قبول کرلیا گیا ہے۔

قومی فیڈریشن کے سیکریٹری نے کہا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کا کراچی آنا مسرت کن رہے گا، ان کی بھرپور سیکیورٹی کو ممکن بنانے کے لیے ذمہ دار اداروں کی جانب سے مربوط پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔

گروپ کیپٹن طاہر سلطان نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ چیمپئن شپ میں مینز اور ویمنز ایونٹس کے انعقاد سے نہ صرف قومی بلکہ مقامی کھلاڑیوں کو بہتر مواقع میسر آئیں گے اور وہ کوالیفائنگ رائونڈز میں شرکت کرکے اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرسکیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں