فوزیہ قصوری کے پارٹی پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں عمران خان

1996 میں ان 7 ارکان نے مل کر پاکستان تحریک انصاف کو ایک سیاسی پارٹی کے طور پر تخلیق کیا تھا، اعلامیہ


Tribune Correspondent June 06, 2013
فوزیہ قصوری تحریک انصاف کے بانی ارکان میں شامل نہیں، عمران خان فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فوزیہ قصوری پارٹی کی بانی رکن نہیں تھیں اوران کے پارٹی پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اورمن گھڑت ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں عمران خان نے کہا کہ فوزیہ قصوری کی جانب سے پارٹی پر لگائے گئے الزامات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، بیان میں پارٹی کے بانی ارکان کی فہرست بھی درج ہے جن میں عمران خان، نعیم الحق، احسان رشید، حفیظ خان، مواحد حسین سعید، محمود عوان اور نوشیروان برکی شامل ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اپریل 1996 میں ان 7 ارکان نے مل کر پاکستان تحریک انصاف کو ایک سیاسی پارٹی کے طور پر تخلیق کیا اور اس کے بعد دوسرے لوگ پارٹی میں شامل ہوتے چلے گئے، اعلامیے کے مطابق پارٹی میں بہت سے مخلص کارکنان اور عہدیدار شامل ہیں جو سالوں سے پی ٹی آئی کے ساتھ جڑے ہیں لیکن بانی ارکان صرف 7 ہیں۔

واضح رہے کہ فوزیہ قصوری نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی میں مافیا گھس آیا ہے اور اس میں نظریاتی لوگوں کے لئے اب کوئی جگہ نہیں بچی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں