سلیکشن کمیٹی کی چھٹی ٹیم کا چناؤ مینجمنٹ کرے گی

ایشین چیمپئن ٹرافی کیلیے ٹرائلز بدھ کو ہونگے، 2 گول کیپرز ساتھ رکھنے پر بھی اتفاق۔


Mian Asghar Saleemi October 01, 2018
ایشین چیمپئن ٹرافی کیلیے ٹرائلز بدھ کو ہونگے، 2 گول کیپرز ساتھ رکھنے پر بھی اتفاق۔ فوٹو: فائل

پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی کی چھٹی ہوگئی، رواں ماہ اومان میں شیڈول ایشین چیمپئن ٹرافی کے لیے ٹیم کا حتمی انتخاب ٹیم منیجمنٹ خود کرے گی۔

ذرائع کے مطابق ایک روزہ ٹرائلز3 اکتوبرکو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہورمیں ہوں گے، اس موقع پر سیکریٹری پی ایچ ایف شہبازسینئر بھی موجود ہونگے جن کی مشاورت سے 18رکنی حتمی اسکواڈ تشکیل دیا جائیگا، ذرائع کے مطابق ایونٹ کے دوران 2 گول کیپرزٹیم کے ساتھ لے جانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اصلاح الدین صدیقی کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نے کامن ویلتھ گیمز اورایشین گیمز سمیت متعدد ایونٹس میں قومی ٹیم کا انتخاب کیا تاہم گرین شرٹس کسی بھی بڑے ایونٹس میں نمایاں کامیابی حاصل نہ کرسکے۔

ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف تھنک ٹینک کا خیال ہے کہ ٹیم منیجمنٹ کھلاڑیوں کی فٹنس اور گیم میں مہارت کے حوالے سے زیادہ بہتر جانتی ہے، اس لیے ٹیم آفیشلز زیادہ بہتر اندازمیں حتمی اسکواڈ کا انتخاب کرسکتی ہے۔

کیمپ میں اس وقت29 کھلاڑی عمران بٹ، مظہر عباس،امجد علی،محمد عرفان سینئر،راشد محمود،علیم بلال،عماد شکیل بٹ، مبشر علی، تصورعباس، رضوان جونیئر، رضوان سینئر، توثیق ارشد، علی شان، عمر بھٹہ، ابوبکر محمود، اظفریعقوب، محمد عتیق، ارسلان قادر، اعجاز احمد، رانا سہیل، عرفان جونیئر، محمد دلبر، فیصل قادر، ایم رضوان،عاطف مشتاق، رضوان علی،محمد زبیر، ساران بن قمر، منیب الرحمن اورسید ذیشان بخاری شامل ہیں۔کیمپ میں شفقت رسول بھی شامل تھے تاہم انھوں نے غیرملکی لیگ کے لیے کیمپ کا حصہ بننے سے معذرت کرلی تھی۔

یاد رہے کہ ایشیائی ایونٹ 18 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک اومان کے دارالحکومت مسقط کے سلطان قابوس اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ایونٹ میں بھارت سمیت ملائیشیا، پاکستان، جنوبی کوریا، جاپان اوراومان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں