جیسے محل الف لیلہ کے

دنیا کی دس منہگی ترین رہائش گاہیں.


Ateeq Ahmed Azmi June 09, 2013
دنیا کی دس منہگی ترین رہائش گاہیں. فوٹو: فائل

KUALA LUMPUR: انسان کی بنیادی ضرورتوں میں سے ایک ضرورت مناسب رہائش ہے۔

حضرت آدم کے زمانے سے لے کر آج تک انسان سر چھپانے کے لیے مختلف انداز کی رہایش گاہیں بناتا رہا ہے۔ بیشتر رہائش گاہیں جغرافیائی ماحول اور انسانی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئی تخلیق کی جاتی ہیں۔ اگرچہ گھروں کی تخلیق میں چار دیواری اور چھت اہمیت کی حامل ہوتی ہے، تاہم پیسے کی فراوانی بعض مرتبہ ایسی رہائش گاہوں کی شکل میں سامنے آتی ہے، جن کی مالیت چھوٹے شہر یا قصبوں کے برابر ہوتی ہے، ان میں کچھ گھر ایسے ہوتے ہیں جو اپنے تاریخی حوالوں کے باعث بیش قیمت ہوجاتے ہیں۔ بعض رہائش گاہیں ایسی ہوتی ہیں جو کسی ایسے مقام پر واقع ہوتی ہیں جہاں کے نظارے ان رہائش گاہوں کی قیمت کو پہاڑوں کی سی بلندی تک لے جاتے ہیں اور بعض رہائش گاہیں۔ اپنے طرز تعمیر اور سامان تعیش کی وجہ سے بیش قدر قرار پاتی ہیں دنیا کے امیر ترین اور قیمتی رہائش گاہوں کے شوقین افراد کو اپنی جانب کھینچنے والی یہ قطعہ اراضی کہاں کہاں واقع ہیں اور کیوں اس قدربیش قیمت ہیں، آئیں ان کے بارے میں جانتے ہیں۔

انتیلا ممبئی ( Antilla)

قیمت ایک بلین امریکی ڈالر

آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے شہر ممبئی جیسے گنجان آباد شہر میں قائم یہ عمارت دنیا کی مہنگی ترین رہائش گاہ تسلیم کی جاتی ہے جس کی مالیت ایک بلین امریکی ڈالر کے مساوی ہے جو پاکستان کے ایک ارب روپے کے برابر بنتی ہے۔ اس ستائیس منزلہ عمارت کا زمینی رقبہ40ہزار مربع فٹ ہے۔ عمارت کے مالک مشہور زمانہ بھارتی تجارتی پیٹروکیمیکل کمپنی ''رئیلائنس انڈسٹریز لیمیٹڈ'' کے چیف ایگزیکٹیو اور گذشتہ چھے برس سے انڈیا کے امیر ترین شخص کے رتبے پر فائز56سالہ تاجر ''مکیش امبانی'' ہیں۔

دور سے ہی نظر آنے والی اس عمارت کے گنجان علاقے میں واقع ہونے کی وجہ سے عمارت کی اہمیت دوچند ہوجاتی ہے۔ واضح رہے کہ مکمل عمارت میں اندرونی طور پر چار لاکھ مربع فٹ کی گنجائش ہے، جس میں بیک وقت اور بہ آسانی کثیر تعداد میں افراد سما سکتے ہیں۔ عمارت کی اونچائی 570فٹ ہے۔ یاد رہے کہ انڈین پریمئیر لیگ میں ''ممبئی انڈینز کرکٹ ٹیم'' کے مشترکہ مالک مکیش امبانی کی ایک وجہ شہرت ان کے پاس بھانت بھانت کی بیش قیمت اور منفرد گاڑیوں کی موجودگی بھی ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق مکیش امبانی کے کاروں کے بیڑے میں 170گاڑیاں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عمارت میں چھے منزلیں صرف گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مختص ہیں۔ منفرد انداز میں تعمیر کی گئی اس عمارت کی ایک اور خاص بات اس کی ہر منزل پر جدید قسم کے جمنازیم کی موجودگی بھی ہے۔ عمارت کے انتظامی اور حفاظتی معاملات چلانے کے لیے 600 ملازمین ہر وقت عمارت میں موجود رہتے ہیں۔

ڈریکولا قلعہ (Dracula Castle)

مالیت 135ملین امریکی ڈالر



رومانیہ میں واقع یہ قلعہ نما رہائش گاہ ڈومنکن ریاست کے نواب Anton Victorکی ملکیت ہے، جو ان کے 1987میں انتقال کے بعد ان کے ورثا کے پاس آچکی ہے۔ رومانیہ میں جس مقام پر یہ قلعہ واقع ہے۔ مقامی افسانوی کہانیوں کے مطابق یہ علاقہ خون آشام درندے ''ڈریکولا'' کا مسکن رہا ہے، چناںچہ پہاڑی جنگلات میں گھرے ہوئے اس قلعے نما رہائش گاہ کو اسی نسبت سے '' ڈریکولا قلعہ'' کہا جانے لگا۔ حالاں کہ قلعے کے مکینوں نے قلعے کا نام محل وقوع کی نسبت سےBran Castle رکھا تھا۔ 1980کی دہائی میں عجائب گھر کے طور پر مختص کیے جانے والے اس قلعے کو اب مکمل طور پر رہائش گاہ کی حیثیت سے استعمال کیا جاتا ہے، جس میں 57کمرے17خواب گاہیں اور نادر اور نایاب فرنیچر شامل ہے۔

اپ ڈائون کورٹ ، انگلینڈ (Updown Court)

مالیت139ملین امریکی ڈالر



برطانیہ کی سرے کائونٹی کے دیہی علاقے ''ونڈلیشام'' میں واقع یہ رہائش گاہ 103وسیع و عریض کمروں پر مشتمل ہے، جب کہ عمارت کا مکمل رقبہ58ایکڑ ہے۔ 2006 میں پایۂ تکمیل کو پہنچنے والی یہ رہائش گاہ پانچ سوئمنگ پولز، اسکوائش کورٹ، فلڈ لائٹ ٹینس کورٹ، تین سو بوتلوں کا بارروم، پچاس نشستوں والا سینما، 80بڑی گاڑیوں کے لیے زیرزمین گیراج اور پارکنگ سے آراستہ ہے، جب کہ مرکزی عمارت کے اطراف میں وسیع باغات اور منفرد انداز کا جنگل بھی تخلیق کیا گیا ہے۔ عمارت کے موجودہ مالک ستر سالہ Leslie Allen-Vercoeہیں، جو پیشے کے اعتبار سے جائیداد کی خرید وفروخت کے کاروبار سے منسلک ہیں۔

دی پینٹ ہائوس ، لندن (The Penthouse London)

200ملین امریکی ڈالر



فلیٹوں کے حوالے سے دنیا کا سب سے بیش قیمت قرار دیا جانے والا یہ پینٹ ہائوس لند ن کے علاقے ہائیڈ پارک میں واقع ہے۔ فلیٹ کے بیش قدر ہونے کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ فلیٹ کی فی مربع فٹ قیمت چھے ہزار برطانوی پائونڈ ہے برطانیہ کی اسپیشل ایلیٹ فورس(SAS) یونٹ کے سابق کمانڈوز کی زیرنگرانی انتہائی جدید سیکیوریٹی کے نظام سے آراستہ اس پینٹ ہائوس میں کھڑکیوں کے بلٹ پروف شیشوں کے علاوہ ایک سرنگ نما راہ راستہ بھی ہے، جو اس پینٹ ہائوس کو قریب میں واقع ''مینڈرن اورینٹل ہوٹل'' سے ملاتی ہے۔ ہوٹل اپنے ملازمین کے ذریعے چوبیس گھنٹے پینٹ ہائوس کے لیے خدمات فراہم کرتا ہے۔ ہائیڈ پارک سے متصل Serpentine جھیل کے دل فریب نظار ے پینٹ پائوس کے باسیوں کو شہر میں رہائش کے باوجود فرحت بخش ماحول فراہم کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ پینٹ ہائوس کے مالکان کے حوالے سے معلومات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ تاہم برطانوی اخبار لندن ٹیلی گراف کے مطابق قطر کے حکم راں خاندان کے افراد اس بلند و بالا عمارت کے ٹاپ پر دو منزلوں کی صورت میں تعمیر کیے گئے چھے بیڈ روم پر مشتمل پینٹ ہائوس کے مالکان میں شامل ہیں۔

وِلا لیو پولاڈ (Villa Leoplde)

506ملین امریکی ڈالر



فرانس کی جنوب مشرقی ساحلی پٹی پُرفضا مقام French Rivieraسے متصل یہ وِلا 29ہزار مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے، جو اپنے تیراکی کے وسیع تالاب اور باغوں کے باعث بھی شہرت رکھتا ہے چاروں جانب درختوں سے گھرے اس وِلا میں وسیع و عریض گیارہ خواب گاہیں اور چودہ باتھ روم ہیں۔ وِلا کو اپنے محل وقوع کے باعث ساحل سمندر کے کنارے دنیا بھر میں خوب صورت ترین رہائش گاہ بھی قرار دیا گیا ہے۔ بنیادی طور پر وِلا کی تعمیر 1865سے1909تک بیلجیم کے بادشاہ کے منصب پر فائز رہنے والے ''کنگ لیوپولاڈدوئم'' کے لیے کثیر رقم خرچ کرکے تعمیر کی گئی تھی جوان کے انتقال کے بعد ایک عرصے تک ویران پڑا رہا۔ تاہم بعدازاں لبنان سے تعلق رکھنے والے ارب پتی یہودی تاجر اور بینکر Edmund J. Safraنے وِلا کو خرید کر اپنی رہائش گاہ بنا لیا ''ایڈمنڈ یعقوب صفرا'' کی اسی وِلا میں پراسرار حالت میں آگ سے دم گھٹنے کے باعث موت واقع ہوئی تھی۔ اس وقت اس پُرتعیش رہائش گاہ میں ایڈمنڈ صفرا کی بیوہ ''للی صفرا'' رہائش پذیر ہیں۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ للی سفرا نے یہ وِلا مشہور امریکی ادارے مائیکرو سافٹ کے مالک بل گیٹس، اطالوی سیاست داں گیننی اگنیلی یا غالباً ایک روسی ارب پتی تاجر Mikhail Prokhorov میں سے کسی ایک کو فروخت کردیا ہے۔ تاہم نہ تو ڈیل کی تصدیق ہوسکی ہے اور نہ ہی ڈیل میں حاصل کی گئی وِلا کی قیمت ظاہر کی گئی ہے۔

فیئر فیلڈ پونڈ (Fairfield Pond)

170ملین امریکی ڈالر



نیویارک میں واقع سمندری علاقہHamptons کئی خوب صورت دیہی خطوں پر مشتمل ہے۔ بحیرۂ اوقیانوس کی خوب صورت مگر پُرسکون ساحلی پٹی کے ساتھ یہاں پر کئی اہم تفریحی مقامات ہیں، جن میں ''فیئر فیلڈ پونڈ'' کے نام سے معروف ایک رہائش گاہ بھی ہے، جو اپنی قیمت کے باعث دنیا بھر میں اہمیت رکھتی ہے۔ وسیع وعریض رقبے پر مشتمل یہ عمارت بظاہر ہوٹل دکھائی دیتی ہے، تاہم یہ مکمل طور پر ذاتی رہائش گاہ ہے۔ 63ایکڑ پر پھیلی ہوئی اس رہائش گاہ کے مکین 80سالہ امریکی تاجر اور انویسٹرIra Leon Rennert اور ان کا خاندان ہے۔ اپنے وسیع رقبے کے باعث فئیر فیلڈ پونڈ پورے امریکا میں سب سے بڑی ذاتی رہائش گاہ تسلیم کی جاتی ہے۔ اس سر سبز و شاداب چھوٹی سی ریاست میں اطالوی طرز تعمیر سے مزین 29کشادہ خواب گاہیں، 39پرتعیش باتھ رومز، پانچ ٹینس کورٹ، باسکٹ بال کورٹ، اسکوائش کورٹ، 91فٹ طویل کھانے کا کمرہ اور ڈیڑھ لاکھ ڈالر مالیت کے گرم پانی کے غسل کے منفرد '' ٹب'' ہیں۔

ہیرسٹ مینشن، بیورلے ہلز امریکا (Hearst Mansion)

165ملین امریکی ڈالر



امریکی صحافت کے کاروبار سے منسلک مایہ ناز پبلشر اور تاجر William Randolph Hears کی سابقہ رہائش گاہ ''ہیرسٹ مینشن'' کا شمار بھی قیمتی اراضی میں ہوتا ہے، انہوں نے یہ رہائش گاہ 1947میں خریدی تھی۔ اس وقت ا س رہائش گاہ کی مالیت ایک لاکھ بیس ہزار ڈالر تھی بیورلے ہلز میں واقع چھے ہیکڑ پر پھیلی اس رہائش گاہ میں چار گھر، ایک اپارٹمنٹ اور کاٹیج ہاؤس شامل ہے۔ ان تمام رہائشی جگہوں پر مجموعی طور پر 29 خواب گاہیں، تین سوئمنگ پول، ٹینس کورٹ ، نائٹ کلب، سینما تھیٹر ، ڈسکو فلور اور دیگر پرتعیش لوازمات موجود ہیں ہیرسٹ مینشن کی ایک خاص بات 1953میں اس مینشن کو جان ایف کینڈی اور جیکولین کینڈی کا شادی کے بعد ہنی مون کے لئے منتخب کرنا تھا ا ہنی مون کے دوران دونوں نے شادی شدہ جوڑے کی حیثیت سے اپنی اولین فلم ہیرسٹ مینشن کے مووی تھیٹر میں ہی دیکھی تھی۔ ہیرسٹ مینشن میں مشہور زمانہ فلم ''دی گاڈفاردر'' کی فلم بندی بھی کی گئی ہے انگریزی کے حرف '' H''شکل میں ڈیزائن کی گئی اس عمارت کے موجود ہ مالک مشہور قانون داں اور انویسٹر Leonard Rossہیں، جنہوں نے یہ رہائش گاہ 1976میں خریدی تھی، اگر آپ یہ رہائش گاہ خریدنے کی سکت رکھتے ہیں تو مشہور زمانہ آن لائن کاروباری ادارے Amazon.com, Incکے چیف ا یگزیکٹیو جیف بیزوس، مشہور اداکار ٹام کروز اور ادا کارہ کیٹی ہومز اور فٹ بال کے شہرۂ آفاق کھلاڑی ڈیوڈ بیکہم اور ان کی بیوی وکٹوریا بیکہم آپ کے پڑوسی ہو ں گے۔

دی مانر ، لاس اینجلس(The Manor, Los Angeles)

مالیت 150ملین امریکی ڈالر



1991میں منفرد فرانسیسی طرز تعمیرChateauاسٹائل سے متاثر ہوکر تخلیق کی گئی اس رہائش گاہ کے123 کمروں کا رقبہ 56ہزار مربع فٹ پر محیط ہے، جب کہ پوری عمارت 4.6ہیکٹر پر پھیلی ہوئی ہے لاس اینجلس میں ذاتی رہائش گاہ کے حوالے سے سب سے بڑی رہائش گاہ کا اعزاز رکھنے والی اس عمارت کے اولین مکین امریکی فلم اور ٹی وی پروڈیوسرAaron Spelling تھے۔ ''ایرون اسپیلنگ'' کی وفات کے بعد2011میں ''دی مانر مینشن'' فارمولا ون کار ریس گروپ کے صدر اور چیف ایگزیکٹیوBernie Ecclestoneکی تئیس سالہ بیٹی Petra Ecclestoneنے خرید لی تھی اور وہی اس وقت اس رہائش گاہ کی مالک ہیں۔

یہ عمارت اپنی پُرتعیش پارٹیوں اور سرگرمیوں کے باعث منفرد مقام کی حامل ہے۔ اس دو منزلہ عمارت میں سنیما تھیٹر، ٹینس کورٹ، سوئمنگ پول، جمنازیم، معدنی پانی کے فوارے، بیوٹی پارلر، جمنازیم اور سو گاڑیوں کی گنجائش والی کار پارکنگ موجود ہے، جب کہ اٹھارویں صدی کے انداز کے سے بنے وسیع باغات بھی اپنے امیر و کبیر مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

فران چک ولا، کینسنگٹن(Franchuk Villa Kensington)

مالیت 161ملین امریکی ڈالر



وکٹورین طرز تعمیر پر مشتمل یہ وِلا وسطی لندن کے علاقے ''بیلگرا ویا'' میں واقع ہے۔ چھے منزلوں پر مشتمل اس رہائش گاہ کی ہر منزل بیس فٹ اونچی ہے، جب کہ مجموعی طور پر کمروں میں رہائش کی گنجائش21ہزار مربع فٹ ہے۔ اس کے علاوہ عمارت کے بیسمینٹ میں سوئمنگ پول، جمنازیم، ہوم تھیٹر، گیراج اور نیوز روم بھی موجود ہیں۔ وِلا کے موجودہ مالک لبنان سے تعلق رکھنے والے مشہور اسٹیٹ اور پراپرٹی ڈیلر کمپنی Realtor.comکے مالک موسی سلیم ہیں انہوں نے یہ رہائش گاہ پراپرٹی کے کاروبار سے منسلک مشہور برطانوی کمپنی The Grosvenor Estateسے خریدی تھی۔ اس سے قبل یہ رہائش گاہ یوکرائن کے دوسرے صدرLeonid Kuchma کی بیٹی Elena Franchukکی ملکیت تھی، جو انہوں نے 2008میں خریدی تھی اور عمارت آج بھی ان ہی کے نام سے منسوب ہے۔ واضح رہے کہ ''الینا فران چک '' کا موجودہ نام ''اولیگرچ وکٹر پن چک'' سے شادی کے بعد ''الینا پن چک'' میں تبدیل ہوچکا ہے، جو اس سے قبل ان کے سابق شوہر Igor Franchuk کی نسبت سے ''الینا فران چک '' تھا۔ n

دی پینی کل ، مونٹانا (The Pinnacle Montana)

مالیت155ملین امریکی ڈالر



امریکی ریاست مونٹانا کے سرد پہاڑی مقام پر واقع یہ عمارت رہائشی کلب ''Yellowstone Club'' کے اراکین کی رہائشی سرگرمیوں کا مرکز ہے۔ برفانی گھاٹیوں میں گھرے اس اسکائی ریزورٹ کے رہائیشیوں کی ذاتی چئیرلفٹ بھی ہے، جو گھر کے مکینوں کو قرب و جوار میں واقع دیگر رہائشی مقامات تک رسائی دیتی ہے۔ اگرچہ عمارت محض دس کمروں پر مشتمل ہے مگر انتہائی دوردراز اور سرد مقام پر جدید ہیٹنگ سسٹم کی موجودگی نے عمارت کی اہمیت کو دوچند کردیا ہے۔ اس کے علاوہ نیم گرم پانی سے بھرا ہوا تیراکی کا تالاب، جمنازیم اور مساج روم بھی رہائش گاہ کے مکینوں کے لیے میسر ہیں۔ برفانی پہاڑی چوٹیوں کی مناسبت سے معروف ''دی پینی کل، مونٹانا'' رہائش گاہ کے مالک امریکا سے تعلق رکھنے والے ارب پتی تاجر Tim Blixseth ہیں۔ 63 سالہ ''ٹم بلکستھ'' جائیداد کی خرید وفروخت کے ڈیولپر، عمارتی لکڑی کے تاجر اور سانگ ریکاڈر کی حیثیت سے بھی شہرت رکھتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں