قومی ہاکی کوچ کا ٹیم کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا مطالبہ

وزیر اعظم عمران خان گرین شرٹس کی عالمی کپ میں شرکت کو یقینی بنائیں، ریحان بٹ


Mian Asghar Saleemi October 13, 2018
بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی شرکت پر سوالیہ نشان ہے، فوٹو: فائل

قومی ہاکی کوچ ریحان بٹ نے پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا مطالبہ کر دیا۔

ایکسپریس سے خصوصی بات کرتے ہوئے ریحان بٹ کا کہنا تھا کہ اے کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کوکم از کم ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ ملنے چاہیے جبکہ بی کی ڈگری کے کھلاڑی کو ایک لاکھ اور سی کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کو 75 ہزار روپے کی ادائیگیاں ہونی چاہیے۔ قومی پلیئرز کو ماہانہ بنیادوں پر معاوضے اسی وقت ملیں گے جب حکومت کی طرف سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فنڈز ملیں گے۔

قومی کوچ ریحان بٹ نے کہا کہ پی ایچ ایف کا خزانہ خالی ہونے کی وجہ سے رواں برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں بھی پاکستانی ٹیم کی شرکت پر سوالیہ نشان ہے، وزیراعظم عمران خان خود بھی اسپورٹس مین رہے ہیں ،میری ان سے درخواست ہے کہ کم ازکم ورلڈ کپ تک کیلئے فیڈریشن کو فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ گرین شرٹس کی عالمی کپ میں شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔

سابق قومی کپتان نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے گرین شرٹس ورلڈ کپ کے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گے تو اس سے نہ صرف قوم کا سر فخر سے بلند ہوگا بلکہ کھلاڑیوں کو بھی صلاحیتوں کے اظہارکا بھرپور موقع ملے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں