ہاکی فیڈریشن کا قومی ٹیم کیلیے نیا غیر ملکی کوچ رکھنے پر غور

غیرملکی کوچ راولننٹ اولٹمینز نے ملائشیا کی جانب سے پیشکش ملنے پر قومی ٹیم کی مزید کوچنگ کرنے سے انکار کردیا۔


اصغر سلیمی October 19, 2018
راولننٹ اولٹمینز نے ملائشیا کی جانب سے پیشکش ملنے پر قومی ٹیم کی مزید کوچنگ کرنے سے انکار کردیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی ٹیم کے لئے نیا غیر ملکی کوچ رکھنے کی آپشن پر غور کرنے لگی۔

ہاکی فیڈریشن کی جانب سے یہ تجویز رواں برس نومبر، دسمبر بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے جرمنی، ہالینڈ اور ملائشیا پر مشتمل سخت گروپ کو دیکھتے ہوئے دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈریشن حکام عمان میں جاری ایشین چیمپئن ٹرافی میں قومی ٹیم کی کارکردگی کے بعد نئے کوچ رکھنے یا نہ رکھنے کا حتمی فیصلہ کریں گے، یہ بات قابل ذکر ہے کہ غیر ملکی کوچ راولننٹ اولٹمینز کا قومی ٹیم کے ساتھ ورلڈ کپ تک کا معاہدہ تھا تاہم ملائشیا کی طرف سے پرکشش پیکج کی پیشکش ملنے کے بعد انہوں نے پاکستانی ٹیم کی مزید کوچنگ کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد ہنگامی بنیادوں پر حسن سردار کو ٹیم مینیجر کے ساتھ ہیڈ کوچ کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن سردار ماضی کی عظیم کھلاڑی ہونے کے ساتھ ایڈمنسٹریشن کا بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں تاہم کوچنگ کے شعبہ میں انہیں کوئی خاص دسترس حاصل نہیں ہے، ایشیئن چیمپئن ٹرافی میں قومی ٹیم کی کوچنگ کا دارومدار محمد ثقلین اور ریحان بٹ پر ہی ہوگا، اگر ان کوچز کا تجربہ کامیاب نہ ہو سکا تو ورلڈ کپ کے لئے نیا کوچ رکھنا ناگزیر ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں اچھے کوچ کی عدم دستیابی کے باعث ایک بار پھر غیر ملکی کوچ کی طرف جایا جاسکتا ہےتاہم ایشیئن چیمپئن ٹرافی میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو دیکھ کرہی نیا کوچ رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کو اس وقت سب سے بڑا مسئلہ فنڈز کا نہ ہونا ہے ، غیرملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کے لئے فیڈریشن کو خطیر رقم بھی درکار ہوگی اگر حکومت کی طرف سے فنڈز نہ مل سکے یا اپنے طور پر بڑی رقم کا انتظام نہ کیا جا سکا تو موجودہ ٹیم مینجمنٹ پر ہی انحصار کرنا پڑے گا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ورلڈکپ 28 نومبر سے 16 دسمبر تک بھارتی شہر بھوبینیشور میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ کا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف کھیلے گی،گرین شرٹس کے 5 دسمبر کو ملائشیا جبکہ 9 دسمبر کو ہالینڈ کے ساتھ میچز شیڈول ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں