لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کیخلاف زیریں سندھ میں مظاہرے و دھرنے

بدین، ٹنڈوآدم سانگھڑ، کھپرو میں مشتعل افراد نے سڑکیں بلاک کر دیں،20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنا دیں، مظاہرین


شہریوں نے شہباز روڈ، قاضیہ نہر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر 4 گھنٹے تک سڑکیں بلاک کر دیں۔ فوٹو: ایکسپریس

بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور وولٹیج میں کمی کیخلاف بدین، ٹنڈوآدم سانگھڑ، کھپروسمیت زیریں سندھ کے دیگر علاقوں میں شہریوں نے مظاہرے کیے اور دھرنے دیے۔

مشتعل افراد نے دھرنے دے کر سڑکیں بلاک کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق بدین شہر میں 14سے 18 جبکہ دیہی علاقوں میں 18 سے20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے کاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گیا ہے۔ شہریوں نے شہباز روڈ، قاضیہ نہر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر 4 گھنٹے تک سڑکیں بلاک کر دیں، مظاہرین نے حیسکو کے خلاف نعرے بھی لگائے۔ ڈاکٹر شوکت خواجہ، شہزاد ملاح و دیگر کا کہنا تھا کہ حیسکو و واپڈا انتظامیہ نے چوری چھپانے کے لیے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر کے عوام کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔

انھوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ حیسکو عملے کی کرپشن کی تحقیقات کرکے ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ٹنڈوآدم میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی کمی سے باعث برقی آلات جل جانے کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالعزیز غوری نے متاثرین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر پانی وبجلی حیسکو سے جلنے والے برقی آلات کا معاوضہ دلائیں۔



سانگھڑ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی طویل لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کم ہونے پر ڈنڈا بردار شہریوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا ، امتیاز جونیجو، سرور یوسف زئی، اقبال زئی و دیگر نے بتایا کہ وہ تین روز سے بجلی نہ ہونے کے باعث پریشان ہیں، حیسکو اہلکار ٹرانسفارمر اتار لے گے ہیں، بجلی نہ ہونے سے پانی کی بھی قلت ہو گئی ہے ، مسجدوں میں بھی پانی نہیں۔ شدید گرمی میں گھنٹوں بجلی بند رہنے سے بچوں اور مریضوں کا برا حال ہے، 24 گھنٹے میں ٹرانسفارمر نہ لگایا تو واپڈا آفس کا گھیراؤ کریں گے۔

کھپرو کے مختلف علاقوں میں کم وولٹیج نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی، قیمتی برقی آلات جلنے سے ہزاروں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔ کھپرو میں 50 وولٹیج تک بجلی فراہم کی جارہی ہے جسکی وجہ سے پنکھے، موٹریں اور ٹی وی وغیرہ نہیں چلتے ۔ کھپرو میں بجلی کے وولٹیج کم ہونے کی وجہ سے برقی آلات جل گئے ہیںسماجی رہنماؤں نے چیف ایگزیکٹو حیسکو سے مطالبہ کیاکہ کم وولٹیج کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں