پاکستان نے آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا

151رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 117رنز پر ڈھیر ہوگئی


ویب ڈیسک October 28, 2018
شاداب خان کو میچ جب کہ بابر اعظم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔فوٹو:سوشل میڈیا

KARACHI: پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کرلیا، شاداب خان کو میچ جب کہ بابر اعظم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دبئی میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان کے 151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم117رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ قومی ٹیم کے بالنگ اٹیک کے سامنے کینگروز کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام رہی، میک ڈیمورٹ اور مچل مارش21،21 بناکر نمایاں رہے جب کہ کیرے 20،فنچ ایک،کرس لین15، گلین میکسویل4،شارٹ 10،کولٹرنائیل صفر ، ٹائی5 اور زمپا9 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے اسپنر شاداب خان سب سے کامیاب بالر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ حسن علی نے 2، فہیم اشرف، محمد حفیظ، اور عثمان شنواری نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔اس میچ کے لیے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں، فخرزمان اور شاہین آفریدی کی جگہ صاحبزادہ فرحان اور عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا گیا ۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 93 رنز کی شراکت داری قائم کی ، انِ فارم بیٹسمین بابر اعظم نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، وہ 40 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

دوسرا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے صاحبزادہ فرحان نے متاثر کن اننگز کھیلی، پہلے میچ میں انہوں نے 39 رنز بنائے جب کہ شعیب ملک 18 ، آصف علی 4 اور فہیم اشرف صفر پر پویلین لوٹے۔ محمد حفیظ 32 اور عماد وسیم 3 رنز بنا کر نا ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل ماش نے 2، اینڈریو ٹائی، زمپا ، شارٹ اور نیتھن لائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی،سرفراز احمد (کپتان)، شعیب ملک، محمد حفیظ،آصف علی، حسن علی، فہیم اشرف،عماد وسیم، شاداب خان ، عثمان شنواری، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں