قبائلی اضلاع میں صحت انصاف کارڈز کی تقسیم کے معاملات وفاق کے سپرد

خیبر پختونخوا حکومت صحت سہولت پروگرام کے تحت 71 فیصد آبادی کو مفت علاج فراہم کررہی ہے


شاہدہ پروین October 31, 2018
وفاق قبائلی اضلاع میں صحت انصاف کارڈز کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کرے گا فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا حکومت نے نئے ضم شدہ قبائلی علاقوں میں غریب و نادار افراد کو مفت علاج کی فراہمی کے لئے ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت صحت انصاف کارڈز کی تقسیم کے معاملات وفاق کے سپرد کردیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے اس سلسلے میں آئندہ 5 سالہ پلان تیار کر کے وفاقی حکومت کو دے دیا گیا ہے۔ وفاق نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ایک اندازے کے مطابق 50 کروڑ روپے مختص کرے گا، جس کے لئے جرمن ادارے نے بھی مزید فنڈز کا عندیہ دیا ہے، جرمن ادارے کی جانب سے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کو 90 لاکھ یورو ملنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں صحت سہولت پروگرام کے تحت 71 فیصد آبادی کو مفت علاج فراہم کررہی ہے، مجوزہ منصوبے کے لئے اسٹیٹ لائف انشورنس پاکستان سے معائدہ کیا ہوا ہے جس کی میعاد دسمبر 2018 میں ختم ہو رہی ہے، اب محکمے نے نئے معاہدے کے لئے ٹینڈر مشتہر کر رکھا ہے تاہم بتایا جارہا ہے کہ بعض پیچید گیوں کے باعث قبائلی اضلاع میں صحت انصاف کارڈز کی تقسیم وفاق کے حوالے کر دی گئی ہے جب کہ آئندہ دو سال بعد اگر صوبائی حکومت ذمہ داری اٹھانے کو تیار ہو گئی تو پھر منصوبے کو خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا۔

قبل ازیں سابق حکومت فاٹا کے دو اضلاع خیبر اور باجوڑ میں وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام چلا رہی تھی جس کے تحت خیبر ضلع میں 61 ہزار خاندانوں اور ضلع باجوڑ میں 87 ہزار خاندانوں کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے جب کہ اب ہیلتھ انشورنس منصوبے کو تمام فاٹا میں متعارف کروانے کے لئے 3 لاکھ دو ہزار خاندانوں کی رجسٹریشن کا ڈیٹا تیار کیا گیا ہے تاہم اس میں ابھی شمالی اور جنوبی وزیرستان کے ڈیٹا کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاق کے تحت صوبے کے چار اضلاع مردان، کوہاٹ، چترال اور ایبٹ آباد میں وفاق کے چلنے والے پروگرام کو اب خیبر پختونخوا میں شامل کر دیا جائے گا اور قبائلی اضلاع مکمل وفاق کے سپرد ہوں گے، اب نئی رجسٹریشن میں گھرانوں کی بجائے خاندانوں کا اندراج ہوگا، جس میں میاں، بیوی اور ان کے غیر شادی شدہ بچوں پر مشتمل ایک خاندان تصور ہوگا جب کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت نے ماسوائے سندھ کے خیبرپختونخوا سمیت پنجاب، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں باضابطہ صحت سہولت پروگرام کے نام سے صحت انصاف کارڈز کو ایک ہی رنگ وڈیزائن میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں صرف صوبوں کی پہچان کے مخصوص لوگو کو پرنٹ کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں