متحدہ کیخلاف ماضی کی بھیانک تاریخ دہرائی جارہی ہےالطاف حسین

19جون1992 ایم کیوایم کو صفحہ ہستی سے مٹانے کیلیے بد ترین ریاستی آپریشن کیا گیا


Express Desk June 19, 2013
آج بھی کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے اور دہشتگردوں سے نسل کشی کرائی جارہی ہے۔ فوٹو: فائل

QUETTA: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سانحہ19جون 1992ء کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ19جون ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اس دن ایم کیوایم کو صفحہ ہستی سے مٹانے کیلیے بد ترین ریاستی آپریشن کرکے ایم کیوایم کے ہزاروں کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔

سانحہ19جون 1992ء کے شہداکی 21ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ملک کے فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اورسرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے کی عملی جدوجہد کرنے کی پاداش میں ایم کیوایم پر19، جون 1992ء کو شب خون مارا گیا ، ایم کیوایم سے نکالے گئے جرائم پیشہ عناصر کو سرکاری ٹرکوں میں کراچی لایاگیا اور ایم کیوایم کے دفاترپرقبضے کرائے گئے ، انھیں ایم کیوایم کے کارکنان کے قتل، اغوا ، لوٹ مار کا کھلا لائسنس دیاگیا، حق پرستانہ جدوجہد کا ساتھ دینے والوں کوان کے گھروں سے بے دخل کرکے در بدری کی زندگی گزارنے پر مجبور کردیا گیا۔

انھوں نے کہاکہ ریاستی دہشت گردی کے ذریعے ایم کیوایم کو صفحہ ہستی سے مٹانے کیلیے ہر ہتھکنڈہ استعمال کیا گیا لیکن یہ ایم کیوایم کے نظریے کی سچائی کا ثبوت ہے کہ ظلم و جبر کے تمام ترہتھکنڈوں کے باوجود حق پرستی کی تحریک آج بھی ملک بھرکے غریب ومتوسط طبقے کے عوام کے دلوں کی دھڑکن ہے، انھوں نے کہاکہ آج بھی حق پرستانہ جدوجہد کی پاداش میں ایم کیوایم کے خلاف ماضی کی بھیانک تاریخ دہرائی جارہی ہے، ایم کیوایم کے8کارکنان سرکاری حراست سے لاپتہ ہیں ، تین مہینوں کے دوران3کارکنان کوسرکاری حراست میں تشددکانشانہ بنا کر ان کی لاشیں سڑکوں پر پھینک دی گئیں ،آج بھی ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں تو دوسری جانب جرائم پیشہ دہشت گردوں کے ذریعے نسل کشی کا عمل کرایاجارہا ہے۔

انھوں نے کہاکہ حق پرستی کے جس نظریے کی خاطر ایم کیوایم کے کارکنان نے اپنی جانوں کی لازوال قربانیاں دیں ہیں انھیں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا ، ہمیں یقین ہے کہ حق پرست شہداکا مقدس لہو رنگ لائے گا اور ایم کیوایم تمام ترسازشوں ، رکاوٹوں اور ظلم و جبر کے ہتھکنڈوں کے باوجود اپنی منزل پرانشااﷲ ضرور پہنچے گی، الطاف حسین نے حق پرست شہداکے بلند درجات ، لواحقین کے صبر کیلیے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعا کی اور ایم کیوایم کے تمام ذمے داران اور کارکنان پر زور دیاکہ وہ حق پرست شہدا اور لاپتہ ساتھیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں