ویسٹ انڈین ٹیم بھارت میں تاریخی رسوائی کا شکار

میزبان نے ریکارڈ104رنزپرڈھیر کرنے کے بعد پانچواں میچ9وکٹ سے جیت لیا۔


AFP November 02, 2018
سیریز بھی 3-1 سے بلو شرٹس کے نام، روہت کی ففٹی، جڈیجا نے چار وکٹیں لیں۔ فوٹو : فائل

بھارت نے ویسٹ انڈیز کو اپنے ملک میں تاریخی رسوائی سے دوچار کردیا، سیریز 3-1 سے میزبان سائیڈ کے نام ہوگئی۔

سیریز کے پانچویں اور آخری ون ڈے میں ویسٹ انڈین ٹیم 104 رنز پر ڈھیر ہوئی، یہ اس کا بھارت کے خلاف کم ترین ون ڈے اسکور ہے۔ میزبان نے 105 رنز کا معمولی ہدف 14.5 اوورز میں ہی 1 وکٹ پر حاصل کرلیا، روہت شرما 63 اور ویرات کوہلی 33 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ شیکھر دھون 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کو ابر آلود موسم میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا خمیازہ بھگتنا پڑا،کپتان جیسن ہولڈر 25 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ سموئلز نے 24 رنز بناکر کچھ مزاحمت کی، بمرا اور بھونیشور کمار نے ابتدائی 2 اوورز میں ہی مہمان ٹیم کے دو بیٹسمینوں کو پویلین واپس بھیجا، بمرا نے شائی ہوپ کو صفر پر قابو کیا، سموئلز نے باؤنڈریز سے ٹیم کو سنبھالا دینا چاہا تاہم جڈیجاکی لیفٹ آرم اسپن نے انھیں زیادہ کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

نوجوان فاسٹ بولر خلیل نے بھی ہولڈر سمیت 2 اہم وکٹیں حاصل کرکے اپنی موجودگی کا احساس دلایا،جڈیجا نے ٹیل پر ہاتھ صاف کرکے 4 وکٹیں لیں۔

اس طرح پوری ویسٹ انڈین ٹیم 31.5 اوورز میں 104 رنز پر آؤٹ ہوگئی، اس سے قبل کیریبیئن سائیڈ کا بھارت کیخلاف کم ترین ون ڈے اسکور 121 تھا جو اس نے پورٹ آف اسپین میں 1997 میں بنایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں