وزیراعظم کی ہدایت پرگورنرہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھلے رکھے ہیں گورنربلوچستان

پہلے مرحلے میں جامعات اورکالجزکے طالبعلموں کو دورے کرا رہے ہیں، گورنر بلوچستان


محمد غضنفر November 17, 2018
جوکتابوں اورکہانی قصوں میں سنا تھا آج وہ گورنر ہاؤس میں آنکھوں سے دیکھ لیا ہے، طالب علم: فوٹو: فائل

گورنربلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی نے کہا ہے کہ صوبے کی خواتین تعلیمی میدان میں آگے آئیں اورملک اورصوبے کی ترقی میں کردارادا کریں۔

گورنربلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی نے کہا کہ گورنرہاؤس عوام کی ملکیت ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھولے رکھے ہیں، پہلے مرحلے میں جامعات اورکالجزکے طالبعلموں کو دورے کرا رہے ہیں تاکہ اُن کی معلومات میں اضافہ ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ طالبات کے دورے کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں تاکہ صوبے کی خواتین تعلیمی میدان میں آگے بڑھیں ملک اور صوبے کی ترقی میں کردار اداء کریں۔

قبل ازیں اساتذہ اور طالبات نے گورنر ہاؤس کا دورہ کیا جہاں نایاب پرندے، قدیم مجسمے، پاکستان بننے سے قبل انگریز دورحکومت کے حکمرانوں کے لگائے گئے درخت اور اُن پرلگیں اُن کے نام کی تختیاں، سابقہ گورنرز کی تصاویر اور گورنر ہاؤس کی لائبریری دیکھی۔ اس دوران طالبات کی جانب سے پوچھے گئے سوالات اور قدیم ساز و سامان کے بارے میں گورنر ہاؤس کے عملے نے طالبات کو آگاہ کیا۔

طالبات نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا جوکتابوں اورکہانی قصوں میں سنا تھا آج وہ گورنر ہاؤس میں آنکھوں سے دیکھ لیا ہے۔

ثاقبہ گرلزکالج کوئٹہ کی پرنسپل ڈاکٹرفردوس انور قاضی نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس میں عوام کی رسائی اپنی زندگی میں پہلی بار دیکھی ہے، اُمید ہے حُکمران عوامی مسائل بھی اسی طرح حل کریں گے جیسے عوام کو اہمیت دی جارہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔