ہاکی ورلڈ کپ میں فتح کا عزم لیے قومی ٹیم بھارت پہنچ گئی

ہاکی ورلڈ کپ 28 نومبر سے بھارتی شہر بھونیشیور میں شروع ہوگا


Mian Asghar Saleemi November 24, 2018
پاکستانی ٹیم براستہ واہگہ بارڈر بھارت پہنچی فوٹو: ایکسپریس

PESHAWAR: ہاکی ورلڈ کپ میں فتح کا عزم لئے پاکستانی ٹیم براستہ واہگہ بارڈر بھارت پہنچ گئی ہے۔

عالمی کپ میں محمد رضوان سینئر کی قیادت کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، عرفان سینر، علیم بلال، مبشر علی، محمد توثیق ارشد، تصور عباس، راشد محمود، اعجاز احمد، عماد شکیل بٹ، محمد عرفان جونیئر، علی شان، فیصل قادر، ابوبکر محمود، عمر بھٹہ، محمد عتیق ارشد اور محمد زبیر شامل ہیں۔توقیر ڈار ہیڈ کوچ جبکہ حسن سردار ٹیم منیجر، ریحان بٹ، دانش کلیم کوچز، ندیم لودھی اور وقاص محمود فزیوتھراپسٹ شامل ہیں۔

چیف کوچ توقیر احمد ڈار کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران ہمارا ہر کھلاڑی خطرناک ثابت ہو گا، کھلاڑی بھارت میں سبز ہلالی پرچم لہرانے کے لئے پرعزم ہیں، ہماری تیرہویں عالمی رینکنگ پر مت جائیں، یہی ٹیم قوم کو سرپرائز دے گی۔

قومی ٹیم منیجر حسن سردار کا کہنا تھا کہ قوم ٹیم کو بھرہور سپورٹ اور اس کی کامیابی کے لیے دعائیں کرے۔ تمام کھلاڑی متحد اور بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

قومی کپتان محمد رضوان سینئر نے کہا کہ یہ ورلڈ کب میرا آخری ثابت ہوسکتا ہے عالمی کپ کو یادگار بنانا چاہتا ہوں۔

ہاکی ورلڈ کپ 28نومبر سے بھارتی شہر بھوبینشیور میں شروع ہوگا، مجموعی طور پر سولہ ٹیمیں شریک ہوں گی۔پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف کھیلے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں