لاہور چیمبر کا شاپنگ فیسٹیول 17 سے 26 اگست تک منعقد ہوگا

نمائش، روزگار میلے اور ایکسپورٹرز کانفرنس سمیت 7 ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا


Commerce Reporter June 29, 2013
تجارتی سرگرمیوں کی بحالی میں مددملے گی، لاہور چیمبر کے عہدیداروں کی پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

KARACHI: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا 9 روزہ لاہور شاپنگ فیسٹیول 17 سے 26 اگست تک منعقد ہوگا۔

یہ بات لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق افتخار نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ، سابق سینئر نائب صدر انجینئر سہیل لاشاری، ایگزیکٹو کمیٹی رکن میاں زاہد جاوید اور سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن رحمت اللہ جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ لاہور شاپنگ فیسٹیول 2013 سات مختلف ایونٹس کا مجموعہ ہوگا جو مختلف مسائل کی وجہ سے انجماد کی شکار تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ممکنہ طور پر وزیراعلیٰ پنجاب لاہور شاپنگ فیسٹیول 2013 کے ایک اہم حصے ایکسپو لاہور کا افتتاح کریں گے۔



انہوں نے بتایا کہ ایونٹ کا مقصد نوجوانوں میں مثبت مقابلے کا رحجان پیدا کرنا ہے، ایکسپو لاہور کا افتتاح 23 اگست کو ایکسپوسینٹر لاہور میں ہوگا، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تمام ممبران سے درخواست کی جائے گی کہ وہ اپنی مصنوعات کی نمائش کرکے دنیا کو اپنی صلاحیتوں سے آگاہ کریں، 24 اگست کو نمائش کے ساتھ ہی جاب فیئر بھی منعقد کیا جائے گا جس میں ملازمت کے خواہشمند آجرین سے براہ راست بات چیت کرکے مطلوبہ ملازمت حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 26 اگست کو ایکسپورٹرز کانفرنس منعقد کی جائے گی جس کا مقصد حکومت کو ایکسپورٹرز کی مشکلات سے آگاہ کرنا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ لاہور شاپنگ فیسٹیول کے انعقاد کا ایک اہم مقصد حکومت کی ان کوششوں کو آگے بڑھانا ہے جو وہ تجارتی، معاشی اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کر رہی ہے، لاہور شاپنگ فیسٹیول کے انعقاد کے لیے پنجاب حکومت نے لاہور چیمبر کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شاپنگ فیسٹیول کے موقع پر بہت سے معروف برانڈز خصوصی رعایت کا اعلان کریں گے، اس سلسلے میں ان سے بات چیت چل رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں