پولیس والی کی گینگسٹر سے شادی۔۔۔ کیا خوب سزا دی

ہمیں یقین ہے کہ پریتی کماری نے مٹھوشا کے متاثرین کا بدلہ لینے اور انھیں سزا دینے کے لیے ہی یہ بیاہ کیا ہے۔


Muhammad Usman Jami December 09, 2018
ہمیں یقین ہے کہ پریتی کماری نے مٹھوشا کے متاثرین کا بدلہ لینے اور انھیں سزا دینے کے لیے ہی یہ بیاہ کیا ہے۔ فوٹو: فائل

حبیب جالب نے ''محبت گولیوں سے بو رہے ہو'' کسی اور تناظر میں کہا تھا، لیکن کسی پولیس والی کو اگر ایک دادا گیر (گینگسٹر) سے پیار ہوجائے تو دو گولی چلانے والوں کی اس محبت کو گولیوں سے بوئی گئی محبت کے سِوا کیا کہا جاسکتا ہے۔

یہ فلمی انداز کی پریم کتھا ہے کانسٹیبل پریتی کُماری کی اور اس کہانی نے جنم لیا بھارتی ریاست بہار کے شہر بھاگلپور میں، جہاں خواتین کے پولیس اسٹیشن میں گذشتہ سال تعینات ہونے والی پریتی کماری نے مٹھو شا نامی ایک گینگسٹر سے پریت لگالی، جو ضلع کے مطلوب ترین بدمعاشوں میں سے ایک ہے۔ وہ دونوں چُھپ چُھپ کر ملتے رہے، اور آخر ایک روز شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ انھوں نے یہ شادی خفیہ رکھی، مگر عشق اور مُشک چھپائے کہاں چُھپتے ہیں، ویسے قانون اور جُرم کے معاشقے، صاف چُھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں کا منظر پیش کرتے ہیں، لیکن کم ہی پکڑائی میں آتے ہیں۔

یہ پریتی بی بی اور ان کے پَتی کی بدقسمتی تھی کہ نہ صرف ان کا رشتہ چُھپا نہ رہ سکا بلکہ یہ انکشاف بھی ہوا کہ محترمہ پولیس کی خفیہ معلومات ''پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی'' کا پُرانا پاکستانی اشتہار گنگنگاتے ہوئے اپنے شوہر نام دار کے گوشِ گُزار کردیا کرتی تھیں۔ انھوں نے شاید یہ فرض کرلیا تھا کہ پولیس کا فرض ''آپ'' ہی نہیں ''پاپ'' کی مدد کرنا بھی ہے، اور جب پاپ کرنے والے ''آپ'' اپنے ہونے والے بچوں کے باپ بھی ہوں تو یہ فرض مزید بڑھ جاتا ہے۔ بہ ہر حال، پریتی صاحبہ کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے، اب غالباً اپنی ملازمت کا تجربہ وہ اپنے مٹھو میاں کے کام لارہی ہوں گی۔

ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ پریتی صاحبہ کو ملازمت سے کیوں نکالا گیا۔ انھوں نے وہی تو کیا جو قانون کہتا ہے۔ مٹھو میاں پولیس کو مطلوب تھے، تو پریتی کُماری کو بھی مطلوب ہوگئے، قانون اس گینگسٹر کو گرفتار کرنا چاہتا تھا، پریتی بی بی نے انھیں اپنی زلف کا اسیر کرلیا، پولیس چاہتی تھی کہ مختلف وارداتوں کا مرُتکب یہ شخص سزا پائے، ان خاتون نے اُسے عمرقید کی سزا سُنا دی۔

ہمیں یقین ہے کہ پریتی کماری نے مٹھوشا کے متاثرین کا بدلہ لینے اور انھیں سزا دینے کے لیے ہی یہ بیاہ کیا ہے۔ مٹھومیاں کو یہ بات تب سمجھ میں آئے گی جب ہر دوسرے دن ان سے کہا جائے گا،''سُنیے! آج پولیس مقابلے سے بچ جائیں تو شام کو مجھے امی کے ہاں لے چلیے گا۔'' کبھی فرمائش کی جائے گی''جی وہ لال لپ اسٹک ختم ہوگئی ہے، ماراماری کے بعد بھاگتے ہوئے تھوڑا سا خون لیتے آئیے گا۔۔۔بھولیے گا مت ورنہ خون پی جاؤں گی۔''

کسی روز فون آئے گا،''آج واردات سے ذرا جلدی آجائیے گا، مجھے شاپنگ پر جانا ہے۔'' کبھی سُننے کو مِلے گا،''اتنی دیر سے کیوں آئے؟ سچ بتائیں کسی کو قتل کرنے، لوٹنے، مارپیٹ کرنے، بَھتّا لینے گئے تھے یا کسی حَرّافہ کے پاس تھے؟'' اس سب کے بعد مٹھومیاں کی سمجھ میں آئے گا کہ قانون کبھی کبھی یوں بھی سزا دیتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔