تنازع اپنی جگہ قانون سازی متاثر نہیں ہونی چاہیے اسد قیصر

قائمہ کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن 1 ماہ میں جاری کر دیں گے ، چاہتا ہوں جمہوریت مضبوط ہو، اسپیکر قومی اسمبلی


Monitoring Desk December 15, 2018
سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست پر قانونی مشاورت کر رہا ہوں، سینٹر اسٹیج میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ابھی تک حکومت ہمارے قوانین لے کر نہیں آئی چونکہ وہ ہوم ورک کر رہی تھی، حکومت کے سامنے 6 سے 7 بہت اچھے قانون زیر غور ہیں امید ہیں کہ وہ ہمارے پاس آ جائیں گے ۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''سینٹر اسٹیج'' میں میزبان رحمان اظہر سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ یہ قائمہ کمیٹیاں پہلی مرتبہ لیٹ نہیں ہوئیں بلکہ پچھلی حکومت میںبھی قائمہ کمیٹیاں بنتے ہوئے 6 سے7 مہینے لگ گئے تھے اس سے پہلی بھی قائمہ کمیٹیاں لیٹ ہو گئی تھیں، اس وقت چونکہ تناؤ ہے اس لیے لگتا ہے کہ کمیٹیاں بہت لیٹ ہو گئی ہیں، چونکہ دونوں طرف سے ایک پوزیشن لی گئی تھی اس لیے میں نے خود اقدام اٹھایا اور تمام سیاسی رہنماؤں کے ساتھ بات کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قانون سازی اسمبلی کا مین کام ہوتا ہے اگر اسمبلی قانون سازی نہیں کرتی تووہ اپناجواز کھو بیٹھتی ہے ، اگر کوئی حکومت اور اپوزیشن کاتنازع ہے تو وہ اپنی جگہ لیکن اسمبلی کی قانون سازی متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ میں چاہتا ہوں کہ قانون سازی ہو اسمبلیاں چلیں جمہوریت مضبوط ہو ، ہم نے اپنے بچوں کیلیے ایسی ریاست چھوڑنی ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہو ، ہماری کوشش ہے کہ تمام قائمہ کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن ایک مہینے میں جاری کردیں۔

اسد قیصر نے مزید بتایا کہ سعدرفیق کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست میرے پاس آئی تھی لیکن چونکہ ہائیکورٹ میں ایک کیس چل رہا ہے لہٰذا میں چاہتا ہوں کہ دوسرا قانونی مشورہ بھی کرلوں، میرے لیے سب قابل احترام ہیں، نیب جو بھی کرے کھل کر کرے لیکن قانون کے مطابق کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں