کراچی میں پولیس لائنز میں تجاوزات کا انکشاف آئی جی نے رپورٹ طلب کرلی

کسی نے مکان بنا کر فروخت کر دیے، کسی نے سڑک پر جگہ گھیر کر کمرہ، دکان بناکر کرایے پر دے دی


Raheel Salman December 17, 2018
غیر متعلقہ افراد بھی مقیم ہیں، غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا جائے، آئی جی سندھ کی جانب سے شہرکے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز کو خطوط فوٹو:فائل

محکمہ پولیس بھی تجاوزات سے محفوظ نہیں ہیں ، پولیس لائنز اور پولیس کوارٹرز میں قائم تمام تر تجاوزات کے بارے میں آئی جی سندھ سید کلیم امام نے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے جس کے بعد گرینڈ آپریشن کا امکان ہے، پولیس لائنز میں مقیم اہلکاروں نے غیرقانونی تعمیرات کررکھی ہیں ، کسی نے گھر بنا کر فروخت کردیے اور کسی نے سڑک پر جگہ گھیر کر ایک کمرہ بناکر کرایے پر دے دیا حتیٰ کہ دکانیں بھی قائم ہیں جنھیں کمرشل بنیادوں پر استعمال کیا جارہا ہے۔

جہاں ایک جانب شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے تو وہیں دوسری جانب پولیس لائنز بھی اس سے محفوظ نہیں رہیں گی، پولیس لائنز میں بھی تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کا امکان ہے۔ ذرائع نے ایکسپریس کو بتایاکہ آئی جی سندھ سید کلیم امام نے تمام تر پولیس لائنز اور پولیس کوارٹرز میں تجاوزات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں، شہر کے تینوں زونزکے ڈی آئی جیزکو خطوط لکھے گئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ وہ پولیس لائنز میںتجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ ارسال کریں، اس ضمن میں ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ، ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز گارڈن کو مکتوب ارسال کردیا ہے ۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مشاہدے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پولیس لائنز میں غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں ، کسی نے غیر قانونی دکان تعمیر کرلی تو کسی نے جگہ گھیر کر اپنے گھر کو وسعت دے دی ہے اور اسے کمرشل بنیادوں پر استعمال کیا جارہا ہے ، یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ پولیس لائنز میں غیر متعلقہ افراد بھی مقیم ہیں اور وہ اسی قسم کی تجاوزات میں کاروبار یا رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں، ایسی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا جائے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ تجاوزات میں ملوث پولیس افسران و اہلکاروں کے علاوہ ایسے افرادکے خلاف بھی کارروائی کی جائے جو پولیس کوارٹرز میں غیر متعلقہ افراد کو گھر کرایے پر دیتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ صرف ضلع ساؤتھ میں 12 سے زائد پولیس لائنز قائم ہیں جن میں کلفٹن ، گذری ، آرام باغ ، کھارادر ، میٹھادر ، گارڈن ، بغدادی ، کلاکوٹ ، ماڑی پور ، فریئر اور دیگر شامل ہیں ، اس کے علاوہ بلدیہ ٹاؤن نیول کالونی، خواجہ اجمیر نگری، کیماڑی، گلبرگ ، حیدری، لیاقت آباد ، ناظم آباد ، گلبہار ، نیو ٹاؤن ، سعود آباد ، ملیر سٹی ، رزاق آباد ، سعید آباد ، شاہ فیصل کالونی اور بلدیہ ٹاؤن میں بھی پولیس لائنز اور پولیس کوارٹرز قائم ہیں ، تجاوزات کے باعث پولیس لائنز میں نہ صرف صفائی ستھرائی کی صورت حال خراب ہورہی ہے بلکہ سیوریج کا نظام بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے جبکہ اندرونی سڑکوں کی چوڑائی بھی کم ہوتی جارہی ہے اور پولیس کوارٹرز بے ہنگم تعمیرات کی منظر کشی کررہے ہیں، غیر متعلقہ افراد کی رہائش اور ان کی آمد سے سیکیورٹی خدشات میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں