شہر کی 3 ہزار مساجد اور مقامات پر نماز تراویح شروع

میمن مسجد،گلزارحبیب،بادامی مسجد،کچھی میمن مسجد،آرام باغ مسجد،بیچ مسجد،جامع مسجد کنز الایمان تاریخی اہمیت کی حامل ہیں.


Nasiruddin July 11, 2013
رمضان المبارک کے آغاز پر پہلی نماز تراویح خالقدینا ہال کے سامنے ایم اے جناح روڈ پر ادا کی جا رہی ہے۔ فوٹو ایکسپریس

رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں بڑے پیمانے پر نماز تراویح کے اجتماعات شروع ہوگئے ہیں۔

نماز تراویح کیلیے شہر کی 3 ہزار سے زائد مساجد میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں نماز تراویح کے اجتماعات کیلیے مساجد کے علاوہ عیدگاہوں، پارکوں اور لان میں بھی انتظامات کیے گئے ہیں ،شہر کی بڑی اور تاریخی مساجد میں معروف علمائے کرام نماز تراویح پڑھائیں گے،تراویح کے اجتماعات میں 3 روزہ، 5 روزہ ، 7 روزہ اور 10روزہ تراویح پڑھانے کا اہتمام کیا گیا ہے بیشتر مساجد و مقامات پر27 ویں شب کو ختم قرآن ہوگا جبکہ مختلف مساجد میں نماز تراویح کے اجتماعات ترجمہ و تشریح کے ساتھ بھی ہوں گے۔

نماز تراویح کے بڑے اجتماعات نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ،جامع مسجد آرام باغ، جناح مسجد برنس روڈ، گلزار حبیب سولجربازار، فیضان مدینہ سبزی منڈی، تھانوی مسجد جیکب لائن، میمن مسجد مصلح الدین گارڈن، جامع مسجد امجدیہ عالمگیر روڈ، ایکسپو سینٹر، خالقدینا ہال، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، مسجد بیت المکرم گلشن اقبال، جامعہ بنوری ٹاؤن، دارالعلوم کراچی، سلطان مسجد ڈیفنس، مدنی مسجد عزیزآباد، فاروق اعظم مسجد نارتھ ناظم آباد، طوبی مسجد ڈیفنس، جامع مسجد کنزلایمان گرومندر، جامع مسجد طیبہ پی ای سی ایچ ایس، مرکزی جامع مسجد عیدگاہ و دیگر مساجد میں ہوں گے جن میں لاکھوں افراد نماز تراویح ادا کریں گے،نماز تراویح کا اہتمام کرنے والی تنظیموں اور افراد نے اس سلسلے میں خصوصی انتظامات کیے ہیں جن میں شرکا کیلیے مناسب صفوں ، وضو اور بیت الخلا کے انتظامات شامل ہیں۔



اس کے علاوہ پینے کے پانی اور روشنی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں نماز تراویح کے مقامات پر برقی قمقموں کی مدد سے چراغاں کیا گیا ہے، اولڈ سٹی ایریا کی تاریخی مساجد میں نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ، گلزار حبیب سولجربازار، بادامی مسجد رنچھوڑ لائن، جناح مسجد برنس روڈ، کچھی میمن مسجد گاڑی کھاتہ، جامع مسجد آرام باغ، جامع مسجد کنزلایمان گرومندر و دیگر شامل ہیں،ان میں سے بعض مساجد کی تاریخ صد یوں پرانی ہے،رنچھوڑ لائن میں بیچ والی مسجد ، بانگی مسجد، جونا مارکیٹ کی جامع مسجد ترک فن تعمیر کے شاہکار ہیں اور یہاں تراویح کے اجتماعات 100 سے 150 سال سے جاری ہیں،دریں اثنا تنظیم اسلامی کے تحت شہر کے 18مقامات پر ترجمہ و تشریح کے ساتھ نماز تراویح کے اجتماعات ہوں گے جبکہ شہر کے 14مقامات پر نماز تراویح کے بعد خلاصہ مضامین قرآن پیش کیا جائے گا۔

تنظیم اسلامی کے تحت پی آئی اے گارڈن گلشن اقبال میں اویس پاشا قرنی نماز تراویح پڑھائیں گے، قرآن مرکز جماعت اسلامی وسطی کے تحت کوئنزگولڈ متصل اے نارتھ ناظم آباد میں نماز تراویح تشریح کے ساتھ حافظ قاری فصیح الدین حسینی پڑھائیں گے،ممتاز اسکالر حسین احمد مدنی مدرس ہونگے، ایکسپو سینٹر حسن اسکوائر گلشن اقبال میں 5 روزہ تراویح حافظ و قاری ڈاکٹر عطا المصطفیٰ جمیل راٹھور پڑھائیں گے،نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ میں قاری اجمیر نماز تراویح پڑھائیں گے، دارالعلوم امجدیہ عالمگیر روڈ میں حافظ نورالاسلام نوری نماز تراویح پڑھائیں گے، مولوی عنایت اللہ جامع مسجد آرام باغ میں نماز تراویح پڑھائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں