پولیس نے لڑکی کے قتل میں ملوث بہنوئی کوگرفتار کرلیا

مقتولہ کی بہن کو بھی قتل کیا جاچکا ہے جو اپنی والدہ کے قتل کی عینی شاہد تھی


Raheel Salman January 08, 2019
مقتولہ کی بہن کو بھی قتل کیا جاچکا ہے جو اپنی والدہ کے قتل کی عینی شاہد تھی فوٹو:فائل

ڈاکس پولیس نے مچھر کالونی میں لڑکی کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مقتولہ کا بہنوئی ہے ، ملزم کی اہلیہ رشتے داروں سے ملنے لاہور گئی ہوئی تھی ، مقتولہ کی ایک بہن کو بھی قتل کیا جاچکا ہے جوکہ اپنی والدہ کے قتل کی چشم دید گواہ تھی ، تفصیلات کے مطابق اتوار کو ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی سے 18 سالہ ثمینہ دختر فضل کریم کی لاش ملی تھی جسے نامعلوم ملزمان نے قتل کرکے لاش ایک خالی مکان میں پھینک دی تھی ، ڈاکس پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ، اس سلسلے میں ایکسپریس کے رابطہ کرنے پر اسٹیشن انویسٹی گیشن آفیسر (ایس آئی او) انسپکٹر سعید عالم نے بتایا کہ پولیس نے قتل میں ملوث ملزم اکمل کو گرفتار کرلیا ہے ۔

ابتدائی طور پر واقعہ گھریلو جھگڑوں کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے لیکن واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے ، انھوں نے مزید بتایا کہ ملزم کی اہلیہ جوکہ مقتولہ ثمینہ کی بہن ہے وہ اپنے رشتے داروں سے ملنے لاہور گئی ہوئی تھی اور ثمینہ اپنی بہن کے گھر رہ رہی تھی ، ثمینہ کی لاش اس کی رہائش گاہ سے متصل خالی مکان سے ملی تھی ، پولیس نے لاش کے اجزا محفوظ کرکے کیمیکل ایگزامن کے لیے بھیجے ہوئے ہیں جن کی رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات مزید آگے بڑھائی جائے گی ، واضح رہے کہ اس سے قبل 9 اکتوبر 2017 کو مچھر کالونی میں ہی ثمینہ کی بڑی بہن ریما کو بھی قتل کیا جاچکا ہے ۔

ثمینہ اپنی والدہ کے قتل کی عینی شاہد تھی جسے ملزمان نے گھر میں گھس کر قتل کیا تھا اور لاش گھر کے اندر بنے پانی کے ٹینک میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے ، پولیس کا کہنا ہے کہ اس زاویے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہے ، مقتولہ کی والدہ کو جائیداد کے تنازع پر قتل کیا گیا تھا اور یہ خاندان اس وقت بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں رہائش پذیر تھا ، اہل خانہ نے ڈر اور خوف کے باعث ہی بلدیہ ٹاؤن کا علاقہ چھوڑ کر مچھر کالونی میں رہائش اختیار کی تھی لیکن ملزمان ان کے بارے میں معلومات کرتے ہوئے وہاں تک پہنچ گئے تھے اور ریما کو قتل کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں