پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پرو لیگ کے لیے حکومت سے 12 کروڑ روپے مانگ لئے

پروہاکی لیگ میں شرکت نہیں کرتے تو دو سال معطلی اور جرمانہ ہوگا،سیکریٹری پی ایچ ایف


Mian Asghar Saleemi January 15, 2019
پروہاکی لیگ میں شرکت نہیں کرتے تو دو سال معطلی اور جرمانہ ہوگا،سیکریٹری پی ایچ ایف۔فوٹوفائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پرو لیگ کے لیے حکومت سے 12 کروڑ روپے مانگ لئے۔ ایسوسی ایٹس سیکریٹری پی ایچ ایف ایاز محمود کا کہنا ہے کہ 20 جنوری تک فنڈز جاری نہ کیے گئے تو نئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے ایاز محمود نے کہا کہ دو روز قبل فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہمیں 27 کروڑ دیے جبکہ اصل صورتحال یہ ہے کہ ساڑھے تین سال میں ہمیں صرف32 کروڑ کی گرانٹ ملی، وزیر اعلیٰ سندھ سے 22 کروڑ کی گرانٹ آئی،وزیر اعلیٰ پنجاب نے 20 لاکھ دیے۔

ایاز محمود نے کہا کہ پرو ہاکی لیگ کیلئے ہماری ٹیم نے ارجنٹائن جانا ہے،جہاں جانے کیلئے اڑھائی کروڑ روپے درکار ہیں،اس کے بعد لیگ کے لئے ہم نے آسٹریلیا جانا ہے جہاں ہمیں 18 میچ کھیلنے ہیں،حکومت سے درخواست ہے کہ فنڈز فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ پروہاکی لیگ میں شرکت نہیں کرتے تو دو سال معطلی اور جرمانہ ہوگا،شرکت نہ کرنے سے ہمارے ملک کی بدنامی ہوگی۔ ہمارے پاس فنڈز نہ ہونے پر اسپورٹس بورڈ پنجاب سے کیمپ رہائش مانگی۔ ہماری حکومت کو چاہیئے کہ اپنے قومی کھیل کی مدد کریں۔

ایک سوال پر سیکریٹری پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ ہاکی فیڈریشن کے پاس ایک کروڑ 75 لاکھ روپے ہیں-2020 اولمپکس کیلئے پروہاکی لیگ کھیلنا ضروری ہے،جب کہ ہاکی فیڈریشن کو دس سے بارہ کروڑ کی ضرورت ہے۔ سابقہ دور میں. بھی حکومت کی گرانٹ پر ٹیم جاتی تھی- پروہاکی کیلئے بھی وفاقی حکومت سے اپیل کررہے ہیں۔

اس موقع پر قومی کوچ دانش کلیم کا کہنا تھا کہ گرانٹ آجائے گی تو فیڈریشن کے حالات بہتر ہوجائیں گے، دو سال کی پابندی لگنے کے بعد سیاست یہاں ہی رہ جانی ہے۔ پروہاکی لیگ میں شرکت سے قومی ٹیم ٹاپ دس ٹیموں میں آسکتی ہے،ہماری موجودہ ٹیم میں نوجوان لڑکے شامل کیے گئے،بھارت اور بیلجیئم کی ٹیموں نے حکومتی گرانٹ سے بہتر پوزیشن حاصل کی جب کہ حکومت پاکستان کو چاہیئے کہ ہماری مدد کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں