جیل افسران کے بچوں کو اغوا کرنے کی منصوبہ بندی کا انکشاف

کالعدم تنظیموں کے کارندے کھلے عام دھمکیاں دے رہے ہیں، بدلے میں ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جائیگا، ذرائع.


Raheel Salman July 17, 2013
جیل کے اندر سیکیورٹی بڑھادی گئی،دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے، فرائض سرانجام دیتے رہیں گے، جیل افسران فوٹو: فائل

سینٹرل جیل میں قید کالعدم تنظیموں کے کارندوں نے جیل افسران کے بچوں کو اغوا کرنے کی دھمکیاں دی ہیں جس کے بدلے ان کے ساتھی ان کی رہائی کا مطالبہ کریں گے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے ساتھی منصوبہ بندی کررہے ہیں اور بہت جلد انھیں جیل سے چھڑانے میں کامیاب ہوجائیں گے، دوسری جانب جیل حکام کا کہنا ہے کہ وہ دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے، ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیمیں جیل میں قید اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کی حکمت عملی تیار کررہی ہیں ، سینٹرل جیل کراچی میں قید مختلف کالعدم تنظیموں کے کارندوں نے جیل کے افسران کو دھمکیاں دی ہیں کہ وہ ان کے بچوں کو اغوا کروالیں گے اور اس کے عوض ان کے ساتھی ان کی رہائی کا مطالبہ کریں گے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اور سپرنٹنڈنٹ کو قیدیوں کے کارندوں نے دھمکیاں دیں کہ ان کے ساتھی انھیں جیل سے چھڑانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں ، اس سلسلے میں جیل پر حملہ بھی کیا جاسکتا ہے۔



جبکہ اس کے علاوہ بھی کئی آپشنز پر غور کیا جارہا ہے ، قیدیوں نے کہا کہ بہت جلد ان کے ساتھی انھیں جیل سے چھڑانے میں کامیاب ہوجائیں گے ، ذرائع نے مزید بتایا کہ جیل کے اندر قیدی باہر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور ملاقاتوں کے دوران مختلف انداز سے بات چیت اور کوڈ ورڈز میں گفتگو اس بات کو ظاہر کرتی ہے ، ملاقات کے دوران زیادہ تر قیدی اپنی مادری زبان میں ہی بات کرتے ہیں ، اس سلسلے میں جیل حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ کسی بھی قسم کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے اور اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے ، جیل افسران کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں جیل کے اندر سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے اور جیل پولیس پوری طرح چوکس اور جوان چاق و چوبند ہیں ، اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ جیل پر حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوچکا ہے تاہم جیل پولیس نے اپنی جانب سے حفاظتی انتظامات مکمل کرلیے ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں